پنجاب حکومت نے لاک ڈاؤن(Lockdown) میں جزوی نرمی کرتے ہوئے متعدد شعبوں کو پابندیوں سے استثنیٰ دے دیا ہے۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اسپورٹس سینٹرز، جم، آئی ٹی کمپنیوں اور کال سینٹرز کو کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے، جسے کاروباری سرگرمیوں کی بحالی اور نوجوانوں کے لیے سہولیات میں بہتری کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب، ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) علی اعجاز نے شہر میں مارکیٹوں اور ریسٹورنٹس کے اوقات کار سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ ریسٹورنٹس اور شادی ہال رات 10 بجے تک کھلے رہ سکتے ہیں، تاہم مالکان کو اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ شہریوں کو مقررہ وقت سے پہلے فارغ کر دیا جائے۔ مارکیٹوں کے لیے بند ہونے کا وقت رات 8 بجے مقرر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریسٹورنٹس کے لیے ہوم ڈیلیوری اور ٹیک اوے کی سہولت دستیاب رہے گی، لیکن مقررہ اوقات کے بعد شٹر بند کر کے بھی کاروباری سرگرمیوں کی اجازت نہیں ہوگی۔ اگر کسی جگہ مقررہ وقت سے پہلے دکانیں بند کروائی جائیں تو شہری ڈی سی آفس میں شکایت درج کرا سکتے ہیں۔
مزیدپڑھیں:نادرا کی نئی ویب سائٹ پر nGRIDS کا فیچر شہریوں کیلئے کتنا مفید ہے؟
ادھر، حکومتی کفایت شعاری مہم کے تحت وفاقی دارالحکومت میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ ہے، جہاں تمام مارکیٹس اور شاپنگ مال رات 8 بجے جبکہ شادی ہال اور ریسٹورنٹس رات 10 بجے بند کیے جائیں گے۔ البتہ ریسٹورنٹس کو ڈیلیوری اور ٹیک اوے کی سہولت کے لیے زیادہ دیر تک کھلا رکھنے کی اجازت ہے۔ تندور، میڈیکل اسٹورز، پیٹرول پمپ، سی این جی اسٹیشنز اور بیکریز ان پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گے۔




