اسلام آباد (نامہ نگار)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور قومی اسمبلی کے گزشتہ روز نااہل قرار دیے گئے رکن محمد احمد چٹھہ نے اپنی نااہلی کو ایک “پری پلان اسکیم” قرار دیتے ہوئے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے بی این نیوز کے پروگرام “سوال سے آگے” میں اینکر علینہ شگری کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
احمد چٹھہ نے کہا کہ انہیں الیکشن کمیشن کی جانب سے نااہلی سے قبل نہ کوئی باضابطہ نوٹس دیا گیا اور نہ ہی کوئی قانونی اطلاع موصول ہوئی۔ انہوں نے کہا، “ہمیں سوشل میڈیا سے پتا چلا کہ ہمیں نااہل قرار دے دیا گیا ہے، یہ سراسر ناانصافی ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ نہ صرف جلد بازی میں کیا گیا بلکہ یہ مخصوص سیاسی ایجنڈے کا حصہ معلوم ہوتا ہے۔ “یہ سب کچھ ایک بڑی فیس اور منصوبہ بندی کے تحت ہو رہا ہے، مقصد صرف لوگوں کو نااہل قرار دے کر ضمنی انتخابات کرانا ہے تاکہ مخصوص جماعت کو سنگل مجورٹی حاصل ہو”، احمد چٹھہ کا الزام۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ اب بھی اپیل کا آئینی حق محفوظ ہے، اور وہ ہر فورم پر اس فیصلے کو چیلنج کریں گے۔ “ہم قانونی جنگ پوری قوت سے لڑیں گے، ہم نہ مایوس ہیں اور نہ ہی ہار ماننے والے۔
انہوں نے بتایا کہ ایک دوسرے رکن اسمبلی کو سزا کے باوجود مناسب وقت دیا گیا تھا، لیکن ان کے معاملے میں سیدھی سیدھی نااہلی پر لے جایا گیا۔ احمد چٹھہ کا کہنا تھا، “قانونی طور پر اپیل کے لیے 15 دن کا وقت دیا جاتا ہے، ہم اس حق کو استعمال کرتے ہوئے اپیل دائر کریں گے۔
پروگرام میں احمد چٹھہ نے اپنی جماعت کی قیادت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین عمران خان کی قیادت میں پارٹی متحد ہے، اور کارکنان ہر طرح کے سیاسی دباؤ کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ وہ نظام کی خامیوں کو بے نقاب کریں گے اور انصاف کی جدوجہد جاری رکھیں گے اور ہماری لڑائی آئین اور قانون کے دائرے میں ہے، اور ہم ہر فورم پر اپنے حق کے لیے آواز بلند کریں گے۔
مزید پڑھیں:یکم اگست سے پٹرول اور ڈیزل سستا ہونے کا امکان

