اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے عالمی سطح پر انٹرنیٹ کی سروس متاثر ہونے کے بعد وضاحتی بیان جاری کیا ہے۔
پی ٹی اے کے ترجمان نے کہاکہ دنیا بھر میں انٹرنیٹ سروسز میں رکاوٹ دیکھی جا رہی ہے اور اتھارٹی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اور کلاؤڈ فلیئر کی کارکردگی پر نظر رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ پی ٹی اے اس عالمی سطح کی خرابی کو مسلسل مانیٹر کررہا ہے جو ایکس اور کلاؤڈ فلیئر کی خدمات پر اثر ڈال رہی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ اس معاملے میں عالمی سروس فراہم کنندگان اور ملکی آپریٹرز کے ساتھ باقاعدہ رابطے میں رہتے ہوئے صورتحال کی نگرانی جاری رکھی جائے گی اور سروسز کی مکمل بحالی تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ کلاؤڈ فلیئر کمپنی میں تکنیکی خرابی کے باعث دنیا بھر میں کئی مشہور ویب سائٹس کی سروس متاثر ہوگئی ہے۔
کلاؤڈ فلیئر کمپنی نے مختصر بیان میں کہاکہ وہ اس مسئلے سے آگاہ ہے اور اسے حل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔
کلاؤڈ فلیئر دنیا کی معروف انٹرنیٹ انفراسٹرکچر کمپنیوں میں شمار ہوتی ہے اور اپنے پلیٹ فارم کے ذریعے دنیا بھر کی لاکھوں ویب سائٹس کو سیکیورٹی، رفتار اور استحکام فراہم کرتی ہے۔
مزیدپڑھیں:
بی آئی ایس پی کے تحت سوشل پروٹیکشن والٹ کے پہلے مرحلے کا آغاز
