Search
Close this search box.
اتوار ,28 جون ,2026ء

ایران سے سستا تیل خریدنے پر حکومت کا غور، وفاقی وزیر نے اہم پیش رفت سے آگاہ کر دیا

اسلام آباد: ایران سے سستا تیل خریدنے کے امکان پر حکومت سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔ وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ خطے میں کشیدگی کم ہونے اور عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد پاکستان کے لیے مختلف آپشنز کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ محرم الحرام کا پہلا عشرہ پرامن ماحول میں مکمل ہوا، جس پر انہوں نے سیکیورٹی اداروں، پاک فوج، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب کی کوششوں کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں امن کی بحالی سے عالمی توانائی منڈی پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

علی پرویز ملک کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں کمی کے بعد عالمی سطح پر خام تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ حکومت اس صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے ہر ممکن فیصلہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ قیمتوں کے تعین کے دوران بھی حکومت نے عوام کو ممکنہ حد تک زیادہ ریلیف فراہم کیا۔ ان کے بقول وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کا فائدہ زیادہ سے زیادہ صارفین تک پہنچایا جائے۔

وفاقی وزیر نے اس تاثر کو بھی مسترد کیا کہ حکومت قیمتوں کے معاملے پر کسی مخصوص طبقے کو فائدہ پہنچا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض حلقے عوام میں غلط فہمیاں پیدا کر رہے ہیں، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ تمام فیصلے بین الاقوامی معاہدوں، توانائی پالیسی اور ملکی مفادات کو سامنے رکھ کر کیے جاتے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ ایران سے سستا تیل اور گیس درآمد کرنے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اگر تمام قانونی، سفارتی اور معاشی تقاضے پورے ہوئے تو اس حوالے سے مناسب فیصلہ کیا جائے گا تاکہ ملک کی توانائی ضروریات کم لاگت پر پوری کی جا سکیں اور عوام کو بھی اس کا فائدہ پہنچے۔

یہ بھی پڑھیں