لاہور( نیوز ڈیسک) لاہور سے راولپنڈی جانے والی اسلام آباد ایکسپریس کو شاہدرہ کے قریب حادثہ پیش آگیا، 5بوگیاں پٹڑی سے اترنے سے 27 مسافر شدیدزخمی ہوگئے، وزیرریلوے نے رپورٹ طلب کرلی۔
لاہور سے راولپنڈی جانے والی اسلام آباد ایکسپریس کی5 بوگیاں کالا شاہ کاکو کے قریب پٹڑی سے اتر گئیں جس کے نتیجے میں 27 مسافر شدیدزخمی ہوگئے۔
حادثے کے بعد ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی، اور گرین لائن اور ریل کاروں سمیت متعدد ریل گاڑیاں روک دی گئیں۔
وزیرریلوے حنیف عباسی نے اسلام آباد ایکسپریس حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے چیف ایگزیکٹیو آفیسر( سی ای او) ریلوے اور ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ( ڈی ایس) ریلوے کو جائے حادثہ پر پہنچنے کی ہدایت کردی۔
حنیف عباسی نے ریلوے کے عملے کو امدادی کاموں کو تیز کرنے اور طبی عملے کو فوراً موقع پر پہنچنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
وزیر ریلوے نے حادثے کی انکوائری کا حکم جاری کرتے ہوئے 7 روز میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد ایکسپریس حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ریسکیو ٹیموں کو آپریشن تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم نے زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی ہے۔
مزید پڑھٰیں:آسٹریلیا کا ویزہ حاصل کرنے کا آسان طریقہ

