Search
Close this search box.
هفته ,06 جون ,2026ء

این اے 18 ضمنی انتخاب: سکروٹنی کا عمل مکمل

ہری پور (نمائندہ خصوصی) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 18 ہری پور میں ضمنی انتخاب کے لیے سکروٹنی کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔ ریٹرننگ افسر نوید الرحمان نے فارم 32 جاری کرتے ہوئے 13 میں سے 12 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے، جبکہ ایک امیدوار کے کاغذات مسترد کر دیے گئے۔

ذرائع کے مطابق وی سی چیئرمین عبدالرشید تنولی کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے گئے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار بابر نواز خان کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے ہیں، جبکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے ان پر لگائے گئے چار اعتراضات کو ریٹرننگ افسر نے مسترد کر دیا۔

ریٹرننگ افسر نوید الرحمان نے تمام اعتراضات کو ناکافی اور غیر مؤثر قرار دیتے ہوئے فیصلہ سنایا کہ بابر نواز خان الیکشن لڑنے کے اہل ہیں۔

دیگر منظور شدہ امیدواروں میں پاکستان پیپلز پارٹی کی ارم فاطمہ ترک، سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پیر صابر شاہ، اور سابق ایم این اے سردار مشتاق احمد خان شامل ہیں۔

واضح رہے کہ این اے 18 کی نشست سابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان کی نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھی۔ عمر ایوب کو 9 مئی کے واقعات میں ملوث ہونے پر سزا سنائی گئی تھی، جس کے نتیجے میں انہیں نااہل قرار دیا گیا۔

ضمنی الیکشن کی پولنگ 23 نومبر کو ہو گی، جس میں مسلم لیگ (ن) کے بابر نواز خان اور پی ٹی آئی کی امیدوار شہرناز عمر ایوب کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔

مزید پڑھیں‌:بھیانک طوفان کا بلیو الرٹ جاری، تیز ہواؤں اور شدید بارش کے امکانات

یہ بھی پڑھیں