Search
Close this search box.
اتوار ,14 جون ,2026ء

پنجاب میں‌ بلدیاتی انتخابات نئی حد بندیوں کے بعد ہوں گے:ترجمان الیکشن کمیشن

اسلام آباد( اوصاف نیوز)ترجمان الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کے فیصلے پر تنقید آئین اور قانون سے لاعلمی کا مظہر ہے، صوبے میں بلدیاتی انتخابات نئی حد بندیوں کے بعد ہی ممکن ہوں گے۔

ترجمان کے مطابق آئین کے آرٹیکل 140 اے کے تحت ہر صوبائی حکومت پر لازم ہے کہ وہ اپنے بلدیاتی نظام کا قانون بنائے اور اس کے تحت قواعد و ضوابط بنائے۔ الیکشن کمیشن صرف الیکشنز ایکٹ 2017 کے سیکشن 219 کے تحت صوبے کے مجوزہ قوانین اور قواعد کے مطابق انتخابات کرانے کا مجاز ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 کے نفاذ کے بعد لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2022 کو منسوخ کر دیا گیا ہے، اس لیے الیکشن کمیشن کسی منسوخ شدہ قانون کے تحت انتخابات نہیں کرا سکتا۔

ترجمان نے وضاحت کی کہ نئے لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی منظوری کے بعد، الیکشن کمیشن کے لیے قانونی طور پر لازم ہے کہ وہ سابقہ ​​قانون کے تحت جاری کردہ حد بندیوں کا شیڈول واپس لے۔

بیان کے مطابق الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت کو حد بندی اور حد بندی کے قواعد مکمل کرنے کے لیے 4 ہفتے کا وقت دیا ہے۔ اس کے فوراً بعد نئی حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری کر دیا جائے گا اور حلقہ بندیوں کا عمل مکمل ہوتے ہی بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں گے۔

ترجمان نے کہا کہ اس سلسلے میں چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو 30 اکتوبر (جمعرات) کو الیکشن کمیشن اسلام آباد میں مدعو کیا گیا ہے تاکہ تمام انتظامی اور قانونی معاملات کو حتمی شکل دی جا سکے۔
مزید پڑھیں‌:پاکستان کا عالمی عدالتِ انصاف کے اسرائیل بارے فیصلے کا خیرمقدم

یہ بھی پڑھیں