وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ون پنجاب ون اسٹینڈرڈ پالیسی کی منظوری دے دی ہے جس کا مقصد پورے صوبے میں ترقیاتی کاموں اور عوامی مقامات کے لیے ایک جیسا معیار مقرر کرنا ہے۔
یہ منظوری لاہور میں ہونے والے ایک خصوصی اجلاس میں دی گئی۔ اجلاس میں شہری ڈیزائن اور معیار کی نگرانی کے لیے ایک خودمختار ادارہ بنانے پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں اصولی طور پر ایک خصوصی یونٹ قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے حکام کو ہدایت دی کہ تمام منصوبوں کے لیے مکمل رہنما کتاب تیار کی جائے۔
اجلاس میں سڑک کنارے کیبن، دکانوں، سڑکوں، گرین بیلٹس، سائن بورڈز اور فٹ پاتھ کے لیے ایک جیسا ڈیزائن نافذ کرنے پر بھی بات ہوئی۔
حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ اسکولوں، اسپتالوں اور بس اسٹاپ سمیت عوامی عمارتوں کے لیے بھی یکساں طرز تعمیر متعارف کرایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ حکومت کا مقصد ہر شہر کو خوبصورت اور منظم بنانا ہے تاکہ شہری علاقوں کی پہچان بہتر ہو۔





