لاہور(نیوز ڈیسک) ایف آئی اے نے بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر شہریوں سے لاکھوں روپے ہتھیانے والے تین افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ملزمان پر مائیگرنٹ اسمگلنگ اور ویزا فراڈ کے سنگین الزامات ہیں۔
ایف آئی اے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل لاہور کے مطابق، چھاپہ مار ٹیموں نے لاہور اور سیالکوٹ کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے ملزمان کو حراست میں لیا۔ گرفتار ہونے والوں میں ایک ایسا ملزم بھی شامل ہے، جو گزشتہ 12 سال سے قانون کی گرفت سے بچ کر روپوش تھا۔
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق، ملزم عباس سلہری نے شہری کو ترکیہ کے ورک ویزا کا جھانسہ دے کر46 لاکھ روپے ہتھیائے، ملزم لیاقت علی نے کینیڈا ورک ویزا کے نام پر 31 لاکھ روپے وصول کیے، جبکہ ملزم آصف بٹ نے ملائیشیا ورک ویزا کا جھانسہ دے کر 2 لاکھ روپے ہتھیائے۔
ترجمان نے انکشاف کیا کہ گرفتار ملزم آصف بٹ انتہائی شاطر ہے، جو 2014 سے ایف آئی اے لاہور کو مطلوب تھا۔ ملزم نے طویل عرصے تک گرفتاری سے بچنے کے لیے روپوشی اختیار کی ہوئی تھی، جسے اب ٹریس کر کے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق یہ ملزمان سادہ لوح شہریوں کو بیرون ملک روشن مستقبل اور ورک ویزا کے سنہری خواب دکھا کر رقم وصول کرتے تھے۔ رقم وصول کرنے کے بعد نہ تو ملزمان ویزا فراہم کرتے تھے اور نہ رقم واپس کرتے، بلکہ شہریوں سے رابطہ منقطع کر لیتے تھے۔
ایف آئی اے نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جمع پونجی لوٹنے والے ان عناصر کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی اور ان کے نیٹ ورک کے دیگر ملوث افراد کی تلاش بھی جاری ہے۔
مزید پڑھیں۔موسم گرما کی تعطیلات کے حوالے سے وزیر تعلیم کا اہم بیان آگیا

