وزارت صحت کے ذرائع نے بتایا ہے کہ ملک کے 8 شہروں سے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
ملک بھر کے 8 شہروں کے سیوریج کے 12 نمونوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، سیوریج میں وائلڈ پولیو وائرس 1،وائی بی اے تھری کلسٹر پایا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی، کوئٹہ، اوستہ محمد، سبی کے سیوریج میں پولیو وائرس پایا گیا جب کہ پشاور، مستونگ، نصیر آباد، کوہاٹ کے سیوریج میں بھی پولیو مثبت نکلا۔
پاکستان کے 8 شہروں سے پولیو ٹیسٹ کے لیے 14 سے 19 مارچ تک نمونے لیے گئے، رواں سال 31 اضلاع سے 93 نمونے پولیو پازیٹو آئے ہیں۔
کراچی ایسٹ، ساؤتھ، کورنگی کے سیوریج میں پولیو کا مرض پایا گیا۔ رواں سال کراچی ایسٹ سے 13 اور 6 نمونے مثبت آئے۔ کراچی کے سیوریج کا وائرس جینیاتی طور پر مقامی ہے۔
اس کے علاوہ اوستہ محمد کے سیوریج میں پہلی بار پولیو وائرس پایا گیا، اوستہ محمد کے سیوریج کے وائرس کا تعلق جینیاتی طور پر کوئٹہ سے ہے، رواں سال کوئٹہ کے سیوریج کے 12 نمونے پولیو پازیٹو نکلے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پشاور شاہین مسلم ٹاؤن کے سیوریج میں پولیو وائرس پایا گیا، رواں سال پشاور کے 9 نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی۔
پشاور کے سیوریج میں مقامی سطح پر پولیو وائرس پھیل رہا ہے، رواں سال ملک میں پولیو وائرس کے دو کیسز سامنے آئے ہیں۔
