وہ اشیا جنہیں فریج میں بالکل نہیں رکھنا چاہیے۔ان میں خاص طور پر آلو ، پیاز،خربوزہ ، ڈبل روٹی ،لہسن ، شہد اور ٹماٹر شامل ہیں ۔کیوں نہیں رکھیں ؟ آئیے وجوہات جانتے ہیں۔
آلو
آلو وہ سبزی ہے جو ہر گھر میں سب سے زیادہ پکائی جاتی ہے، پھر چاہے وہ آلو گوشت کے ساتھ پکیں، قیمے یا خالی، اسے پسندیدہ اور مقبول سبزی کہا جائے تو غلط نہ ہوگا، لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ اسے فریج میں نہیں رکھنا چاہیے؟آلو کو اسٹور کرنے کے لیے ٹھنڈی اور تاریک جگہ بہترین ہے، لیکن ریفریجریٹرز بہت ٹھنڈے ہوتے ہیں۔ آلو فریج میں رکھنے سے یہ ٹھنڈے ہوجاتے ہیں جو ان میں اسٹارچ پیدا کردیتے ہیں، اسٹارچ شوگر میں تبدیل ہوجاتا ہے جس سے آلو کا ذائقہ کم ہونے لگتا ہے۔
شہد
شہد کو فریج میں رکھنے سے اس کی ساخت خراب ہوجاتی ہے، اس میں دانے دانے آجاتے ہیں جو شہد کے ذائقے پر بھی اثر انداز ہوتے ہیں۔فریج سے باہر رکھنے سے شہد زیادہ عرصے تک چل سکتا ہے۔
ڈبل روٹی
عامر طور پر گھروں میں ڈبل روٹی کو فریج میں رکھا جاتا ہے، لیکن یہ غلط ہے۔ ڈبل روٹی کو کمرے کے درجہ حرارت میں رکھنا چاہیے، کوشش کریں اسے جلد از جلد استعمال کرلیا جائے تاکہ فریج میں رکھنے کی ضرورت نہ پڑے۔
خربوزہ
خربوزے کو فریج میں رکھنے سے اس میں موجود اینٹی آکسیڈنٹ کم ہوجاتے ہیں، اس لیے اسے کمرے کے درجہ حرارت پر کھانا صحت مند ہے۔ خربوزے کو کاٹنے کے بعد تقریباً تین سے چار دن تک فریج میں رکھا جا سکتا ہے۔
ٹماٹر
زیادہ تر افراد ٹماٹروں کو فریج میں رکھتے ہیں لیکن اس سے اس کا ذائقہ خراب ہوجاتا ہے، ٹماٹروں کو فریج میں رکھنے سے یہ میٹھے ہوجاتے ہیں۔بہتر ہے اگر ٹماٹر چھیل بھی لیے ہوں تو انہیں فریج میں نہ رکھیں اور استعمال کرلیں۔
لہسن
لہسن کو فریج میں رکھا جائے تو اس کا ذائقہ خراب ہوجاتا ہے، لہسن کے چھلے ہوئے جووں کو دس دن کے اندر اندر استعمال کرلیں۔
پیاز
پیاز کو چھیلنے کے بعد فریج میں رکھا جاسکتا ہے لیکن اس سے پہلے رکھنے سے پیاز خراب ہوجاتی ہے، اس لیے بہتر ہے کہ اسے کمرے کے درجہ حرارت پر ہی رکھا جائے۔
