کراچی(ویبڈیسک)پاکستانی ڈراما ‘عشق مرشد میں اداکارہ درِفشاں کا بطور ‘شبرا’ پہنا گیا عروسی جوڑا سب کے دل جیت گیا۔عشق، محبت اور سیاست کے گرد گھومنے والی کہانی پر مبنی ڈراما ‘ عشق مرشد’ ان دنوں پاکستانی ناظرین کی پسندیدہ ڈراموں کی فہرست میں سب سے پہلے نمبر پر ہے۔
اس ڈرامے میں بلال عباس کے ساتھ اداکارہ درِفشاں کو کاسٹ کیا گیا ہے جن کی آن اسکرین جوڑی کو ناظرین کی جانب سے بے حد پسند کیا جارہا ہے۔
ڈرامے میں درِ فشاں ‘شبرا’ نامی کردار نبھاتی نظر آرہی ہیں جبکہ بلال عباس امیر اور غریب کے دو متضاد کردار ‘شاہمیر سکندر’ اور ‘فضل بخش’ ادا کرتے دکھ رہے ہیں۔
ناظرین بلال عباس کے دونوں ہی کرداروں کو بے حد پسند کر رہے ہیں اور پہلی قسط سے ہی ان کی شادی کی راہ تک رہے تھے تاہم بلآخر 26ویں قسط میں دونوں کی شادی دکھا دی گئی جس کی ویڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہی ہیں۔
ڈرامے میں دونوں کرداروں کی شادی دوستوں کی موجودگی میں ہوئی جس میں آرسی مصحف سمیت شادی کی دیگر رسومات بھی دکھائی گئیں۔
رسم کے وقت شبرا کو ہلکی نارنجی پشواس پہنائی گئی جو فیشن کے متوالوں کی جانب سے بے حد پسند کی گئی اور سب اس جوڑے سے متعلق پوچھتے بھی نظر آئے۔
بعدازاں خود درِفشاں نے انسٹاگرام پر اس جوڑے کے حوالے سے پوسٹ جاری کر لے ڈیزائنر کا نام سب کو بتادیا۔
درِفشاں نے لکھا کہ ‘ قسط کی شوٹ سے کچھ دیر پہلے تک میں کوئی اور جوڑا پہننے والی تھی لیکن یشوا خان اور دادا نے آخری مومنٹ پر میرا یہ لُک سوچا۔ یہ جوڑا مجھے حسین ریہار نے بھیجا اور وہ ہمیشہ مجھے اپنا سب سے بہترین جوڑا دیتے ہیں اور اس جوڑے پر صرف شبرا کا نام لکھا ہے’۔
اداکارہ نے یہ بھی لکھا کہ ‘والدہ کی ہمیشہ سے خواہش تھی کہ میں نتھ پہنوں اس لیے ان کی خواہش بھی پوری کی’۔
سوشل میڈیا پر درِ فشاں کے برائیڈل لُک کے چرچے ہورہے ہیں اور خاص طور پر نوجوان لڑکیاں اپنی شادی پر اسی طرح تیار ہونے کی خواہش کا اظہار کرتی بھی نظر آرہی ہیں۔
