کراچی(شوبز ڈیسک)اریج چودھری نے حال ہی میں ایک مارننگ شو میں اپنے خوفناک تجربے کا ذکر کیا، جس میں وہ ایک ٹیکسی کے ذریعے سفر کر رہی تھیں اور اغوا کی کوشش کا شکار ہو گئیں۔ اریج نے بتایا کہ وہ ایک دوست سے ملنے جا رہی تھیں اور جلدی میں تھیں، اس لیے انہوں نے آن لائن کیب بک کی تھی۔ اس وقت ان کے پاس یہ چیک کرنے کا وقت نہیں تھا کہ گاڑی واقعی ایپ کے ذریعے بک کی گئی تھی یا نہیں۔
“گاڑی میں بیٹھنے کے بعد، میں اپنے فون پر مصروف تھی کہ اچانک مجھے محسوس ہوا کہ گاڑی متعین راستے کے بجائے ویران سڑک پر جا رہی ہے۔ ڈرائیور فون پر کسی سے بات کر رہا تھا اور اس سے ہدایات لے رہا تھا۔” اریج نے اس وقت کی اپنی خوفناک کیفیت کو یاد کرتے ہوئے بتایا۔
اچانک، انہوں نے دیکھا کہ پانچ سے چھ بائیک سواروں نے ان کی گاڑی کو گھیر لیا۔ “اس لمحے میں مجھے شدید خوف محسوس ہوا، لیکن میں نے خود کو پرسکون رکھنے کی کوشش کی۔” اریج چودھری نے اپنی حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈرائیور کو قابو کرنے کے لیے اپنے پاکٹ چاقو کا استعمال کیا اور اسے گاڑی تیز کرنے پر مجبور کیا، جس کے بعد وہ اغوا کی ممکنہ کوشش سے بچ گئیں۔
اس تجربے نے اریج کی زندگی پر گہرا اثر ڈالا اور انہیں مزید محتاط بنا دیا۔ اریج چودھری حالیہ مقبول ڈرامہ سیریل ‘کبھی میں کبھی تم’ میں اپنی جاندار اداکاری کے لیے جانے جاتی ہیں، جس میں فہد مصطفیٰ، ہانیہ عامر، نعیمہ بٹ، اور عماد عرفانی بھی شامل تھے۔ اس ڈرامے کی ہدایت کاری بدر محمود نے کی تھی۔
مزیدپڑھیں:ملک بھر میں وی پی این بند، انٹرنیٹ صارفین ’تلملا ‘ اٹھے
