منگل کی علی الصبح چندی گڑھ کے سیکٹر 26 کو ایک خوفناک واقعے نے ہلا کر رکھ دیا جب معروف گلوکار اور ریپر بادشاہ کے دو کلبس سیویل بار اور لاؤنج کے قریب دو کروڈ بم دھماکوں کی اطلاع ملی۔
اس کے علاوہ اسی علاقے میں واقع دیورا کلب کے قریب بھی دھماکے ہوئے۔دھماکے صبح 4 بجے کے قریب ہوئے، عینی شاہدین نے بتایا کہ دو افراد موٹر سائیکل پر آئے اور جائے وقوعہ سے فرار ہونے سے پہلے کلب کے قریب بم پھینکے۔دھماکوں سے سیویل بار اور لاؤنج کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے، جس سے کافی مالی نقصان ہوا لیکن خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
پولیس اور فرانزک ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچ کر تحقیقات شروع کر دیں۔حکام نے حملے میں گھریلو ساختہ بموں کے استعمال کی تصدیق کی ہے تاہم انہوں نے مجرموں یا محرکات کے بارے میں مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا ہے۔
ابتدائی تحقیقات سے پتا چلتا ہے کہ بم نقصان پہنچانے کے ارادے سے پھینکے گئے تھے لیکن مقصد ابھی تک واضح نہیں ہو سکا۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق چونکہ پولیس بھتہ خوری کے زاویے سے تفتیش جاری رکھے ہوئے ہے، یہ شبہ بھی ہے کہ دونوں کلبوں کے شراکت داروں کے درمیان جھگڑا ہوا تھا۔

