Search
Close this search box.
هفته ,13 جون ,2026ء

فضا علی کا ندا یاسر پر بالواسطہ الزام، طلاق سے متعلق بیان وائرل کرنے کا دعویٰ

کراچی (نیوز ڈیسک)معروف اداکارہ اور مارننگ شو ہوسٹ فضا علی نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے طلاق سے متعلق پرانے بیانات کو جان بوجھ کر دوبارہ وائرل کیا گیا، جس کے پیچھے ندا یاسر کا کردار ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سچ بولنے کی انہیں یہ قیمت چکانا پڑی۔

پاکستانی ٹی وی کی معروف اداکارہ اور میزبان فضا علی ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئی ہیں۔ حالیہ گفتگو میں انہوں نے ندا یاسر پر بالواسطہ الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ان کے طلاق سے متعلق پرانے کلپس کو دانستہ طور پر دوبارہ سوشل میڈیا پر وائرل کیا گیا۔

فضا علی کا کہنا تھا کہ انہوں نے حال ہی میں موٹر سائیکل سوار ڈیلیوری رائیڈرز کے حق میں بات کی تھی اور اپنی بات منطق اور سچائی کے ساتھ رکھی، لیکن اس کے بعد ان کی ذاتی زندگی سے جڑا ایک پرانا معاملہ دوبارہ اچھال دیا گیا۔ ان کے مطابق معاشرے میں پہلے ہی سنگین مسائل موجود ہیں، مگر لوگوں نے اصل موضوع کے بجائے ان کی ذاتی زندگی پر توجہ مرکوز کر لی۔

انہوں نے کہا کہ طلاق ایک تکلیف دہ مرحلہ ہوتا ہے، خاص طور پر خواتین کو اس کے بعد زیادہ تنقید اور نشانہ بنایا جاتا ہے۔ ان کے بقول وہ طلاق کے بعد اپنی زندگی کو سنبھال چکی تھیں، لیکن پرانے زخموں کو دوبارہ کرید کر انہیں خود کو صفائی دینے پر مجبور کیا گیا۔

فضا علی نے مزید کہا کہ کسی کی تکلیف کو مواد بنا کر پیش کرنا درست نہیں۔ درد کا تعلق کسی ایک جنس سے نہیں ہوتا اور عزت کی کوئی میعاد ختم نہیں ہوتی۔ ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر چاہے ان کے مزید پرانے کلپس شیئر کر دیے جائیں، ان کے کردار پر کوئی سوال نہیں اٹھایا جا سکتا، بلکہ ان کی مضبوطی ہی سامنے آئے گی۔
مزیدپڑھیں:کل اسلام آباد کی کونسی شاہراہیں بند رہیں گی؟ ٹریفک پولیس نے بتا دیا

یہ بھی پڑھیں