استنبول (نیوز ڈیسک)ترک ٹیلی وژن اور تھیٹر انڈسٹری آج ایک افسوسناک خبر سے سوگوار ہو گئی۔ معروف اداکار کانبولات گورکم ارسلان 45 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کی اچانک وفات نے شوبز انڈسٹری اور مداحوں کو گہرے صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ رات گئے استنبول کے علاقے بیوغلُو میں اداکار کے گھر پیش آیا، جہاں وہ اچانک طبیعت خراب ہونے پر بے ہوش ہو گئے۔ ان کی اہلیہ نے فوری طور پر طبی عملے کو اطلاع دی۔ ریسکیو ٹیم نے موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور انہیں فوری طور پر تقسیم ایجوکیشن اینڈ ریسرچ اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹرز کی بھرپور کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہو سکے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق اداکار کو دل کا دورہ پڑا تھا، جس کے بعد ان کی حالت بگڑ گئی اور وہ اسپتال میں دم توڑ گئے۔ اسپتال انتظامیہ کی جانب سے تاحال باضابطہ میڈیکل رپورٹ جاری نہیں کی گئی، تاہم ان کی موت کی خبر سے فنکار برادری اور مداحوں میں گہرے دکھ کی لہر دوڑ گئی ہے۔
اداکار کے مینیجر نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا“ہم اپنے قیمتی اداکار کانبولات گورکم ارسلان کی وفات پر گہرے دکھ میں ہیں۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی رحمت میں جگہ دے اور اہلِ خانہ و چاہنے والوں کو صبر عطا فرمائے۔ نمازِ جنازہ کی تفصیلات بعد میں شیئر کی جائیں گی۔”
فن سے بھرپور زندگی
1980 میں پیدا ہونے والے کانبولات گورکم ارسلان نے ہاجی تپے یونیورسٹی اسٹیٹ کنزرویٹری کے تھیٹر ڈیپارٹمنٹ سے اداکاری کی تعلیم حاصل کی۔ انہوں نے 1998 میں تھیٹر سے اپنے فنی سفر کا آغاز کیا جبکہ ٹی وی اسکرین پر 2004 کی مشہور سیریز “Çemberimde Gül Oya” سے پہچان حاصل کی۔
اپنے کیریئر میں انہوں نے کئی یادگار کردار ادا کیے، جن میں Poyraz Karayel (سیفر کا کردار)، Ezel، Yer Gök Aşk، Hayat Bazen Tatlıdır اور Bir Deli Rüzgar شامل ہیں۔ فلمی دنیا میں بھی وہ Daire، Yurt اور Teslimiyet جیسی فلموں میں نظر آئے۔ حال ہی میں وہ ڈرامہ سیریز “Kudüs Fatihi Selahaddin Eyyubi” میں کام کر رہے تھے۔
کم عمری میں دنیا سے رخصت ہونے والے کانبولات گورکم ارسلان اپنے پیچھے یادگار اداکاری اور مداحوں کے دلوں میں ایک گہرا خلا چھوڑ گئے ہیں۔

