فیڈرل بورڈ آف ریونیو (FBR) نے سوشل میڈیا انفلوئنسرز، خصوصاً ٹک ٹاکرز کے مالی معاملات کی جانچ کے لیے اقدامات تیز کر دیے ہیں، جس کے تحت معروف ٹک ٹاکر رجب علی بٹ کے خلاف بھی تحقیقات جاری ہیں۔
ذرائع کے مطابق ریجنل ٹیکس آفس لاہور نے رجب علی کے گزشتہ پانچ سال کے مالی ریکارڈ کا باقاعدہ ٹیکس آڈٹ شروع کر دیا ہے۔ اس آڈٹ میں ان کی آمدن، اخراجات اور اثاثوں کی تفصیل کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ رجب علی(rajab butt) کے مالی معاملات، آمدن کے ذرائع اور طرزِ زندگی کے درمیان ممکنہ فرق کو بھی جانچا جا رہا ہے۔ آڈٹ کے دوران ان کی لگژری لائف اسٹائل، مہنگی گاڑیوں کی خریداری اور دیگر اخراجات کو خاص طور پر شامل کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق تحقیقات میں ان کے زیرِ استعمال کروڑوں روپے مالیت کی متعدد قیمتی گاڑیوں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ لائف اسٹائل مانیٹرنگ سیل کی رپورٹ کی بنیاد پر مزید چھان بین جاری ہے۔
مزیدپڑھیں:سفارت کی میز، جنگ کا سایہ
حکام کا کہنا ہے کہ اگر آڈٹ کے دوران غیر ظاہر شدہ آمدن یا مالی بے ضابطگیاں سامنے آئیں تو متعلقہ ٹیکس دہندہ کو نوٹس جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
یہ کارروائی سوشل میڈیا سے وابستہ افراد کی آمدن اور ٹیکس معاملات کو باقاعدہ دائرہ کار میں لانے کے لیے جاری مہم کا حصہ قرار دی جا رہی ہے۔
