Search
Close this search box.
بدھ ,24 جون ,2026ء

‘ یامی گوتم نے اپنے کردار کے لیے قرآن کا مطالعہ کیا’، فلم ’حق‘ کے ہدایتکار کا انکشاف

بولی ووڈ کے ہدایتکار سپرن ایس ورما نے اپنی فلم “حق” کی تیاری کے حوالے سے کئی دلچسپ تفصیلات شیئر کی ہیں، جن سے اندازہ ہوتا ہے کہ اس پروجیکٹ کو حقیقت کے قریب لانے کے لیے کتنی گہری تحقیق کی گئی۔

یہ فلم نومبر 2025 میں ریلیز ہوئی تھی، جس میں یامی گوتم اور عمران ہاشمی مرکزی کرداروں میں نظر آئے۔ کہانی ایک ایسی عورت “شازیہ بانو” کے گرد گھومتی ہے جو 1970 کی دہائی کے بھارت میں اپنے شوہر کی دوسری شادی اور نان نفقہ سے انکار کے بعد قانونی جنگ لڑتی ہے۔

ہدایتکار کے مطابق فلم کی تیاری محض ایک تخلیقی عمل نہیں تھا بلکہ ایک طویل تحقیقاتی سفر بھی تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ ٹیم نے تقریباً ڈیڑھ سال تک اس موضوع سے جڑے اسلامی قوانین اور سماجی پہلوؤں کو سمجھنے میں صرف کیا تاکہ کہانی کو زیادہ حقیقی انداز میں پیش کیا جا سکے۔

بی بی سی ایشین نیٹ ورک کو دیے گئے انٹرویو میں سپرن ورما نے بتایا کہ یامی گوتم نے اپنے کردار کی تیاری کے لیے بھی خصوصی محنت کی اور کردار کی نفسیات، حالات اور قانونی جدوجہد کو سمجھنے کے لیے گہری ریسرچ کی۔ ان کے مطابق اداکارہ نے اس کردار کو حقیقت کے قریب لانے کے لیے مختلف علمی اور فکری پہلوؤں کا مطالعہ کیا۔

ہدایتکار نے مزید کہا کہ موجودہ دور میں معلومات کی بہتات کے باعث درست اور غلط میں فرق کرنا مشکل ہو جاتا ہے، اسی لیے انہوں نے کوشش کی کہ فلم کی ہر تفصیل مستند اور تحقیق پر مبنی ہو تاکہ کہانی میں حقیقت کا عنصر برقرار رہے۔

مزیدپڑھیں:ٹرمپ کی برطانیہ کو ڈیجیٹل ٹیکس ختم نہ کرنے پر بھاری ٹیرف کی دھمکی

یہ فلم جنگلی پکچرز، انسومنیا فلمز اور باویجا اسٹوڈیوز کے اشتراک سے تیار کی گئی، جس میں صنفی انصاف، حقوق نسواں اور ذاتی وقار جیسے اہم سماجی موضوعات کو اجاگر کیا گیا ہے۔

سنیما ریلیز کے بعد یہ فلم 2 جنوری 2026 کو نیٹ فلکس پر بھی جاری کی گئی، جہاں اسے ناظرین کی جانب سے مثبت ردِعمل اور پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں