امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ(Donald Trump) نے برطانیہ کو خبردار کیا ہے کہ اگر وزیراعظم کیئر اسٹارمر کی حکومت نے ڈیجیٹل سروس ٹیکس ختم نہ کیا تو امریکہ کی جانب سے برطانیہ پر بھاری ٹیرف عائد کیا جا سکتا ہے۔
برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ برطانیہ کا یہ ٹیکس امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو غیر منصفانہ طور پر نشانہ بناتا ہے، جسے وہ قبول نہیں کرتے۔
رائٹرز کے مطابق ٹرمپ نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ ٹیکس دراصل ایپل، گوگل اور میٹا جیسی بڑی امریکی کمپنیوں پر اثر انداز ہوتا ہے، جو عالمی سطح پر اہم ٹیکنالوجی ادارے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر برطانیہ نے یہ پالیسی واپس نہ لی تو امریکہ اس کے جواب میں تجارتی سطح پر سخت اقدامات کر سکتا ہے۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ اس مسئلے کو حل کرنا مشکل نہیں اور اسے ٹیرف کے ذریعے بھی حل کیا جا سکتا ہے، اس لیے برطانیہ کو اس معاملے پر محتاط رہنا چاہیے۔
یاد رہے کہ برطانیہ نے 2020 میں 2 فیصد ڈیجیٹل سروس ٹیکس نافذ کیا تھا، جس پر امریکہ میں مختلف ادوار کی حکومتوں کی جانب سے تنقید کی جاتی رہی ہے، کیونکہ یہ ٹیکس بڑی امریکی ٹیک کمپنیوں کو متاثر کرتا ہے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب برطانیہ کے بادشاہ چارلس آئندہ ہفتے سرکاری دورے پر امریکہ جانے والے ہیں، جس سے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی اور تجارتی تعلقات مزید اہم مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں۔


