پاکستانی گلوکار عاصم اظہر(Asim Azhar) اور اداکارہ ہانیہ عامر ایک بار پھر سوشل میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں، جہاں امریکا میں ہونے والے ایک کنسرٹ کا مختصر سا لمحہ تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق کنسرٹ کے دوران ہانیہ عامر بھی حاضرین میں موجود تھیں اور مداحوں نے انہیں ہجوم میں پہچان لیا۔ اسی دوران اسٹیج پر ایک ایسا لمحہ سامنے آیا جب عاصم اظہر نے ہانیہ کا ہاتھ تھاما، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی۔
وائرل ویڈیوز میں دونوں کو خوشگوار اور دوستانہ انداز میں دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ کنسرٹ میں موجود شائقین بھی اس لمحے پر خاصے پرجوش نظر آئے۔ بعض کلپس میں مداحوں کی جانب سے ہانیہ کے نام کے نعرے بھی سنائی دیتے ہیں، جس پر عاصم مسکراتے ہوئے ردعمل دیتے دکھائی دیتے ہیں۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ دونوں شخصیات ایک ساتھ خبروں میں آئی ہوں۔ ماضی میں بھی ان کی دوستی نے خاصی توجہ حاصل کی تھی، تاہم بعد میں دونوں کے درمیان فاصلے کی خبریں سامنے آئیں۔ حالیہ عرصے میں ایک بار پھر ان کے قریب آنے سے متعلق قیاس آرائیاں گردش کر رہی ہیں، خاص طور پر عاصم اظہر کی سابق منگنی ختم ہونے کے بعد یہ باتیں مزید شدت اختیار کر گئی ہیں۔
مزیدپڑھیں:اسلام آباد مذاکرات: ریڈ زون سیل اور ٹریفک کا جامع پلان نافذ، ایڈوائزری جاری
سوشل میڈیا پر صارفین اس وائرل لمحے کو مختلف زاویوں سے دیکھ رہے ہیں۔ کچھ اسے ایک خوبصورت اور فطری لمحہ قرار دے رہے ہیں، جبکہ دیگر اسے ممکنہ طور پر دونوں کے درمیان دوبارہ قربت کا اشارہ سمجھ رہے ہیں۔
ابھی تک دونوں فنکاروں کی جانب سے اس ویڈیو پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم یہ مختصر سا واقعہ شوبز حلقوں میں ایک نئی بحث کو جنم دے چکا ہے۔
