Search
Close this search box.
اتوار ,05 جولائی ,2026ء

ویرات کوہلی کی جرسی کا نمبر 18 ہی کیوں؟

نئی دہلی (سپورٹس ڈیسک )بھارت کے اسٹار بیٹر ویرات کوہلی کا شمار دنیائے کرکٹ کے مایہ ناز بلے بازوں میں ہوتا ہے، کرکٹ کے میدانوں میں بے مثال کامیابیوں کی بدولت ویرات کوہلی کے دنیا بھر میں مداحوں کی تعداد کروڑوں تک پہنچ چکی ہے۔

کیا آپ کو معلوم ہے کہ ویرات کوہلی 18 نمبر کی جرسی ہی کیوں پہنتے ہیں؟

کھیلوں کی دنیا کے سپر اسٹار کھلاڑیوں کے جرسی نمبر کو مقبول سمجھا جاتا ہے اور وہ جرسی نمبر ان کی شناخت بن جاتا ہے، اسی طرح جرسی نمبر 18 سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی پہچان بن چکا ہے، ایک بار ویرات کوہلی نے اپنی زندگی میں اس نمبر یعنی 18 کی اہمیت بتائی تھی۔
مزیدپڑھیں:عمران ہاشمی کی پاکستانی فلم کیوں نہ بن سکی؟
2023 میں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے دوران رائل چیلنجرز بنگلور کے سن رائزر حیدر آباد کے ساتھ میچ سے قبل ویرات کوہلی نے اپنے جرسی نمبر 18 سے متعلق حیران کن انکشاف کیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کے اسٹار کرکٹر نے بتایا کیا تھا کہ 18 نمبر انہیں پہلے ایسے ہی دیا گیا تھا تاہم وقت کے ساتھ ساتھ اس نمبر کے ساتھ اُن کا روحانی تعلق بن گیا۔

ایک انڈین اسپورٹس چینل سے گفتگو کے دوران کوہلی کا کہنا تھا کہ سچ بتاؤں تو 18 نمبر مجھے ایسے ہی دیا گیا تھا جب میں نے پہلی مرتبہ انڈیا انڈر 19 کی جرسی کھولی جس کے پیچھے میرا نام اور نمبر لکھا ہوا تھا۔

سابق بھارتی کپتان نے مزید بتایا کہ میں نے انڈیا کے لیے اپنا ڈیبیو 18 اگست کو کیا تھا۔ میرے والد کا انتقال بھی 18 دسمبر 2006 کو ہوا تھا، تاہم مجھے یہ نمبر اُس سے پہلے ہی مل گیا تھا لیکن مجھے اس سے ایک روحانی تعلق لگتا ہے۔‘ والد کے انتقال کے وقت ویرات کوہلی کی عمر بھی 18 برس تھی۔

ویرات کوہلی کا کہنا تھا کہ میں اس بات کو خوش قسمتی سمجھتا ہوں کہ فینز میرے نام اور نمبر کی جرسی پہنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’مجھے یہ دیکھ کر یقین نہیں آتا کہ جب ہم میچ کھیلنے جاتے ہیں تو لوگوں کو میں اپنے نام اور نمبر کی جرسی پہنے دیکھتا ہوں۔ میرے لیے حیران کن ہے کیونکہ بچپن میں، میں اپنے ہیروز کی جرسی پہننا چاہتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میں اس پر شکر ادا کرتا ہوں اور یہ ایک موقع ہے جو خدا نے مجھے دیا ہے اور اس پر شکر ادا کرنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں