کیریبیئن پریمیئر لیگ (سی پی ایل) 2025 میں ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان کیرون پولارڈ نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے بولرز کو دھو ڈالا اور 8 گیندوں پر 7 چھکے جڑ کر 29 گیندوں پر 65 رنز بناڈلے۔
گزشتہ روز کیریبیئن پریمیئر لیگ میں ٹرینیباگو نائٹ رائیڈرز اور کٹس اینڈ نیوس پیٹریوٹس کے مابین میچ کھیلا گیا۔ نائٹ رائیڈرز نے پیٹریوٹس کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 179 رنز بنائے۔
ٹرینیباگو نائٹ رائیڈرز کی جانب سے سابق ویسٹ انڈین کپتان کیئرون پولارڈ نے شاندار بیٹنگ پرفارمنس دکھا کر سب کو حیران کردیا۔ کیرون پولارڈ نے نائٹ رائیڈرز کی جانب سے دھوا دھار بیٹنگ کی اور 29 گیندوں پر 65 رنز بنائے جس میں 8 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔
38 سالہ پولارڈ کی اننگز کی خاص بات یہ تھی کہ انہوں نے اپنی اننگز کے دوران ایک موقع پر 8 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 7 چھکے لگا کر شائقین کرکٹ کو حیران کردیا۔
ویسٹ انڈین بلے باز نے نیویان بڈائسی اور وقار سلام خیل کو آڑے ہاتھوں لیا اور دونوں بولرز کے اوورز میں یکے بعد دیگرے چھکے لگائے۔
Kieron Pollard was brilliant in the MLC and now in the CPL too – 7 sixes in 8 balls 💥💥
Did he retire too soon??
— Cricketism (@MidnightMusinng) September 1, 2025
پولارڈ نے نائٹ رائیڈرز کی اننگز کے 15 ویں اوور کی آخری 4 گیندوں پر 3 چھکے لگائے جبکہ اگلے اوور کی آخری 4 گیندوں پر بھی 4 چھکے جڑے اور نیکولس پورن کے ساتھ ان کی 90 رنز کی پارٹنرشپ نے میچ کا رخ موڑ دیا۔
پولارڈ نے صرف 21 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔ وہ گزشتہ ہفتے ہی کرس گیل کے بعد 14 ہزار ٹی 20 رنز بنانے والے دنیا کے دوسرے بیٹر بنے تھے۔
ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والوں کی فہرست میں بھی وہ 950 چھکوں کے ساتھ کرس گیل (1056) کے بعد دوسرے نمبر پر ہیں۔
میچ میں ان کی شاندار اننگز کی بدولت شاہ رخ خان کی ملکیت میں شامل ٹرینیباگو نائٹ رائیڈرز نے سینٹ کٹس اینڈ نیویس پیٹریاٹس کو 12 رنز سے شکست دے دی۔
پیٹریوٹس 180 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں صرف 167 رنز بنا سکے، آندرے فلیچر نے 54 گیندوں پر 67 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی جب کہ پولارڈ کو بہترین کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
مزیدپڑھیں:سیلاب ملتان میں داخل، شگاف ڈالنے کے لیے ڈائنا مائٹ نصب، کبیروالا اور شجاع آباد میں متعدد گاؤں زیر آب

