واشنگٹن (نیوز ڈیسک)ٹینس سٹار کارولینا موچووا اپنی حریف سورانا سرسٹیا کے خلاف یو ایس اوپن (فلیشنگ میڈوز) کے دوسرے راؤنڈ میں فتح کے دوران اس وقت رو پڑیں جب انہوں نے سٹینڈز میں اپنے سابق بوائے فرینڈ کو دیکھا۔ چیک ریپبلک کی خاتون کھلاڑی نے انکشاف کیا کہ ان کے سابق بوائے فرینڈ نے ان کے کہنے پر بھی سٹینڈز چھوڑنے سے انکار کر دیا تھا۔ موچووا 2023 اور 2024 میں سیمی فائنل میں پہنچ کر فلیشنگ میڈوز میں سب کی توجہ حاصل کر چکی ہیں اور وہ وینس ولیمز، سرسٹیا، اور لنڈا ناسکووا کو شکست دینے کے بعد اس سال ٹائٹل جیتنے کی مضبوط امیدواروں میں سے ایک ہیں۔
سرسٹیا کے خلاف موچووا کی شروعات مشکل تھی، وہ افتتاحی سیٹ میں 4-1 سے پیچھے تھیں۔ 29 سالہ کھلاڑی واضح طور پر پریشان دکھائی دے رہی تھی اور وہ کورٹ کے کنارے پر چلی گئیں اور تماشائیوں کی طرف اشارہ کرنے کے بعد اپنے چہرے سے آنسو پونچھے۔
میچ کے بعد جب اس واقعہ کے بارے میں پوچھا گیا تو موچووا نے اپنی مادری زبان میں وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹینس سے متعلق نہیں تھا۔ اس لیے میں اس کے بارے میں واقعی بات کرنا پسند نہیں کرتی لیکن میرا سابق بوائے فرینڈ میری سیٹ کے سامنے بیٹھا ہوا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ کبھی کبھار ایسی جگہوں پر آ جاتا ہے جہاں اسے نہیں ہونا چاہیے۔ اس نے مجھے تھوڑا حیران کر دیا۔ میں نے اسے جانے کے لیے کہا لیکن وہ نہیں گیا۔ بعد میں وہ چلا گیا۔ اس وقت توجہ مرکوز کرنا میرے لیے مشکل ہوگیا۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا انہیں یقین ہے کہ ٹورنامنٹ میں بعد میں ایسا کوئی واقعہ نہیں ہوگا تو انہوں نے جواب دیا: “کون جانتا ہے؟ مجھے نہیں معلوم۔”
مزیدپڑھیں:سریاب خود کش حملہ: ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا 3روزہ سوگ کا اعلان


