شارجہ(نیوز ڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم کے اسپنر محمد نواز نے افغانستان کے خلاف ہیٹ ٹرک کرلی۔
محمد نواز نے شارجہ میں جاری تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے فائنل میں افغانستان کے خلاف ہیٹ ٹرک مکمل کی۔
محمد نواز نے 29 کے مجموعی اسکور پر افغان بیٹر درویش رسولی کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ ان کے بعد نئے آنے والے بیٹر عظمت اللہ عمرزئی بھی وکٹ کیپر کو کیچ تھمابیٹھے۔ محمد نواز کا تیسرا شکار ابراہیم زادران بنے جنہیں نواز نے اپنے اگلے اوور کی پہلی گیند پر پویلین بھیج دیا، وہ اسٹمپ آؤٹ ہوئے۔
ہیٹ ٹرک کے بعد بھی نواز نے افغان بلے بازوں کو شکار کرنے کا سلسلہ جاری رکھا، نئے آنے والے بیٹر کریم جنت بھی صرف 2 گیندیں کھیلنے کے بعد بنا کوئی رن بنائے تیسری گیند پر نواز کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے۔
نواز کا اگلا شکار افغان کپتان راشد خان بنے جو 55 کے مجموعی اسکور پر 17 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
محمد نواز نے 4 اوورز میں 19 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، اس کے علاوہ انہوں نے 25 قیمتی رنز بھی بنائے۔
خیال رہےکہ تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے فائنل میں پاکستان نے افغانستان کو جیت کے لیے 142 رنز کا ہدف دیا تھا تاہم افغان ٹیم 16 ویں اوور میں 66 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
مزیدپڑھیں:گوگل نے نیا فلیگ شپ اسمارٹ فون “Pixel 10 Pro” متعارف کرادیا

