Search
Close this search box.
بدھ ,01 جولائی ,2026ء

ویمنز ورلڈکپ: بھارتی ٹیم کا پاکستان کو جیت کیلئے 248 رنز کا ہدف

کولمبو(سپورٹس ڈیسک)سری لنکا کے درالحکومت کولمبو میں کھیلے جانے والے ویمنز کرکٹ ورلڈکپ کے ہائی وولٹیج میچ میں بھارتی ویمنز ٹیم نے پاکستان کو جیت کے لیے 248 رنز کا ہدف دیا ہے۔

کولمبو میں کھیلے جانے والے ویمنز کرکٹ ورلڈکپ کے اہم میچ میں بھارتی ویمنز ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 247 رنز بناکر پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔

بھارتی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز کرنے والی پراتیکا راول اور سمرتی مندھانا نے بالترتیب 31 اور 23 رنز بنائے جب کہ ہرلین دیول نے 46 رنز کی اننگز کھیلی۔

کپتان ہرمن پریت کور 19، جمیما روڈریگز 32، دیپتی شرما 25، سنہ رانا 20 اور وکٹ کیپر بلے باز رچا گھوش نے 35 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

قومی ویمنز ٹیم کی جانب سے ڈیانا بیگ نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ سعدیہ اقبال ، فاطمہ ثنا نے 2،2 اور رامین شمیم، نشرا سندھو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل، ہرمن پریت کور نے ٹاس کے لیے سکہ اچھالا، فاطمہ ثنا نے ہیڈز کال کیا جو درست ثابت ہوا، یوں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

دونوں کپتانوں کے درمیان کوئی مصافحہ نہیں ہوا، فاطمہ ثنا نے کہا کہ موسم سازگار ہے اور پچ پر معمولی نمی موجود ہے، ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، عمیمہ سہیل کی جگہ صدف شمس کو شامل کیا گیا ہے۔

فاطمہ ثنا نے کہا کہ وہ آج اپنی منصوبہ بندی کو بہتر انداز میں عملی جامہ پہنانا چاہتی ہیں اور 250 سے کم کا ہدف حاصل کرنے کے لیے قابلِ تعاقب ہوگا۔

بھارتی کپتان ہرمن پریت کور کا کہنا تھا کہ جب وہ آخری بار یہاں آئی تھیں تو وہ ایک اچھی ٹرائی سیریز تھی، اور اب مقصد مثبت رہنا اور معیاری کرکٹ کھیلنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ٹیم میں باامر مجبوری ایک تبدیلی کی گئی ہے کیونکہ امانجوت کی طبیعت ناساز ہے، ان کی جگہ رینوکا کو شامل کیا گیا ہے، ہرمن پریت نے کہا کہ یہ ٹیم بہت اچھی ہے اور کھلاڑیوں کے درمیان بہترین ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کو ایونٹ کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کے ہاتھوں 5 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ بھارت آج اپنا پہلا میچ کھیل رہا ہے۔

پاکستان الیون:
ہائی وولٹیج میچ میں منیبہ علی، صدف شمس، صدرا امین، عالیہ ریاض، نتالیہ پرویز، فاطمہ ثنا (کپتان)، رامین شمیم، ڈیانا بیگ، صدرا نواز (وکٹ کیپر)، نشرا سندھو اور سعدیہ اقبال پاکستان کی نمائندگی کررہی ہیں۔

بھارت الیون:
بھارتی ٹیم سمرتی مندھانا، پراتیکا راول، ہرلین دیول، ہرمن پریت کور (کپتان)، جمیما روڈریگز، دیپتی شرما، رچا گھوش (وکٹ کیپر)، سنہ رانا، کرانتی گود، شری چرنی اور رینوکا سنگھ پر مشتمل ہے۔


مزیدپڑھیں:ایک اور قومی کرکٹر شادی کے بندھن میں بندھ گئے

یہ بھی پڑھیں