نئی دہلی (اوصاف نیوز)آسٹریلوی خواتین کرکٹرز بھی بھارت میں محفوظ نہیں، ویمنز ورلڈ کپ کے میچ سے قبل آسٹریلوی کرکٹرز کے ساتھ بدتمیزی کرنے والا موٹر سائیکل سوار گرفتار کر لیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ویمنز ورلڈ کپ کے میچ سے قبل آسٹریلوی خواتین کرکٹرز کے ساتھ بدتمیزی کی گئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ آسٹریلوی ٹیم کی دو خواتین کرکٹرز کو مدھیہ پردیش میں موٹر سائیکل سوار ایک شخص نے فحش انداز میں چھوا اور فرار ہو گئے۔
یہ واقعہ جمعرات کی صبح اس وقت پیش آیا جب آسٹریلوی ٹیم کے کھلاڑی اپنے ہوٹل سے نکل کر قریبی کیفے کی طرف جا رہے تھے۔
دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا نے بھی واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ آسٹریلیا کی خواتین کرکٹ ٹیم کی دو کھلاڑیوں کو بھارت میں نامناسب طریقے سے چھوا گیا۔
کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق دونوں کھلاڑیوں کو ایک موٹر سائیکل سوار نے ہراساں کیا جس کے بعد ٹیم نے پولیس کو واقعے کی اطلاع دی۔
بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق مقامی پولیس نے ایک مشکوک شخص کی شناخت کر کے اسے گرفتار کر لیا ہے جب کہ خاتون کرکٹرز کے بیانات بھی قلمبند کر لیے گئے ہیں اور مشتبہ شخص سے پوچھ گچھ شروع کر دی گئی ہے۔
مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ ہے جب کہ ملزم کی شناخت سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے کی گئی۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا اپنا آخری پول میچ ہفتہ کو جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گا جس کے بعد سیمی فائنل اگلے ہفتے کھیلا جائے گا۔
مزید پڑھیں:قبائل اپنی مرضی سے پاکستان میں شامل ہوئے!پاکستانی ہیں اور رہیں گے: سہیل آفریدی



