اسلام آباد (نیوز ڈیسک) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے ملک کے مختلف علاقوں میں 5 سے 7 اکتوبر کے دوران ممکنہ بارشوں کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
جاری اعلامیے کے مطابق اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخواہ اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے، جبکہ دریائے جہلم، راوی اور ستلج کے بالائی علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔
خیبر پختونخواہ کے اضلاع چترال، ڈیر، ہری پور، کوہاٹ، کوہستان، خیبر، کرم، مانسہرہ، مہمند، نوشہرہ، مالاکنڈ، چارسدہ، ایبٹ آباد، بنوں، بونیر، ہزارہ، پشاور، صوابی اور وزیرستان سمیت ملحقہ علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہوں گی۔ ممکنہ بارشوں کے باعث دریائے سوات، پنجکوڑا اور درکابل کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے۔
ادھر گلگت بلتستان میں بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کا اظہار کیا گیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ سے تورغر روڈ (120)، بٹگرام روڈ (140)، شانگلہ روڈ (160)، لوئر کوہستان روڈ (180)، تتہ پانی روڈ (320-360)، گلگت روڈ (400-420)، ہنزہ روڈ (530) اور روندو سمیت اسکردو اور جگلوٹ روڈ کے مختلف مقامات متاثر ہو سکتے ہیں۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ پہاڑی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے اور موسم اور سڑکوں کی صورتحال سے باخبر رہنے کے لیے ریڈیو، ٹی وی اور پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ سے رہنمائی حاصل کی جائے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر تمام متعلقہ اداروں کو بروقت معلومات فراہم کر رہا ہے اور این ڈی ایم اے مکمل رابطے میں ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر فوری عمل کریں اور ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔



