نیوجرسی(نیوزڈیسک)سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فلسطینیوں کے حق میں مظاہرے کرنے والے یونیورسٹی طلبہ کو دھمکی دی ہے کہ وہ امریکی صدر بنے تو انھیں ملک بدر کر دیں گے۔
نیوجرسی میں ایک انتخابی ریلی میں خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ غزہ میں اسرائیل کی جنگ کے خلاف یونیورسٹی کیمپس میں مظاہرے کرنے والے طلبہ کے ساتھ زیادہ سختی سے نمٹیں گے۔
مزیدپڑھیں:وطن کیلئے جان قربان کرنے سے بڑھ کر کوئی شے عظیم نہیں، آرمی چیف
ٹرمپ نے ان اسکولوں کو بھی دھمکی دی جنھوں نے اسرائیل کی حمایت سے خود کو دور غیر جانب دار رکھا ہے، ٹرمپ نے اپنے حامیوں سے خطاب میں کہا کہ ’’جب میں صدر بنوں گا تو اپنے کالجوں کو متشدد بنیاد پرستوں کے قبضے میں جانے کی اجازت نہیں دوں گا۔‘‘
کریمنل مقدمات کا سامنا کرنے اور نومبر کے صدارتی انتخابات میں دوبارہ حصہ لینے والے ٹرمپ نے کہا کہ اگر آپ کسی دوسرے ملک سے یہاں آتے ہیں اور ہمارے کیمپس میں امریکا دشمنی یا یہود دشمنی لانے کی کوشش کرتے ہیں، تو ہم آپ کو فوراً ملک بدر کر دیں گے۔
