ویانا( اوصاف نیوز) آسٹریا کے الپس پہاڑی سلسلے میں ایک ہائیکر گائیوں کے ریوڑ کے حملے میں جان کی بازی ہار گیا اور اس کی اہلیہ بھی شدید زخمی ہو گئیں۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق یہ واقعہ اتوار کی دوپہر صوبہ اسٹائر یا میں پیش آیا۔
پولیس کے مطابق 85 سالہ شخص اور اس کی 82 سالہ اہلیہ اپنے کتے کے ساتھ ہائیکنگ ہٹ کی جانب جا رہے تھے کہ گائیوں کے ریوڑ نے اچانک ان پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں دونوں شدید زخمی ہوگئے۔
اطراف میں موجود افراد نے ان دونوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور ایمرجنسی سروسز کو اطلاع دی جس کے بعد زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا تاہم سالزبرگ کے ایک اسپتال میں 85 سالہ ہائیکر دم توڑ گیا۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور پوسٹ مارٹم کے بعد مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔
واضح رہے کہ 2024 میں بھی سالزبرگ کے علاقے میں ایک خاتون کو گائیوں کے ریوڑ نے ہلاک کر دیا تھا۔
گائیوں کے مہلک حملے کے بعد آسٹریا کی حکومت نے ہائیکرز کے لیے رہنما اصول جاری کیے تھے، ان ہدایات میں گایوں سے فاصلے پر رہنے اور کتوں کو خود سے قریب رکھنے اور حملے کی صورت میں انہیں آزاد چھوڑنے کی تلقین کی گئی تھی۔
مزید پڑھیں:دوستوںنے دعوت پربلاکر دوست کی جان لے لی