بیجنگ (نیوز ڈیسک) چین کے شہر ووہان میں ایک غیر معمولی واقعہ پیش آیا ہے جہاں 100 سے زیادہ خودکار یعنی بغیر ڈرائیور کے چلنے والی ٹیکسیاں اچانک بند ہو گئیں۔
رپورٹس کے مطابق اچانک خرابی کے باعث متعدد مسافر گاڑیوں کے اندر پھنس گئے، جن میں سے کچھ افراد تقریباً 90 منٹ تک باہر نہیں نکل سکے۔ بعض مسافروں نے بتایا کہ ٹریفک کے باعث وہ گاڑی سے نکلنے کی ہمت بھی نہیں کر پا رہے تھے۔
ٹریفک حکام کے مطابق یہ تمام روبوٹیکسیز ایک ہی کمپنی سے تعلق رکھتی تھیں اور بیک وقت تکنیکی خرابی کا شکار ہو گئیں، جس سے متعدد گاڑیاں متاثر ہوئیں۔
ایک خاتون مسافر نے سوشل میڈیا پر اپنے تجربے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ گاڑی میں محصور رہیں۔ ان کے مطابق انہوں نے کسٹمر سروس سے رابطہ کرنے کی کوشش کی، تاہم فوری مدد نہیں مل سکی اور انہیں مسلسل یہ بتایا جاتا رہا کہ ٹیم روانہ کر دی گئی ہے۔
بعد ازاں متاثرہ افراد کو ریسکیو کر لیا گیا، تاہم مسافروں نے کمپنی کی ہنگامی صورتحال میں ناقص رسپانس پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔
ماہرین کے مطابق روبوٹیکسی سسٹم عام طور پر مرکزی کنٹرول اور گاڑی کے اندر موجود الگ نظام پر چلتا ہے، تاہم مرکزی سسٹم میں خرابی آنے کی صورت میں متعدد گاڑیاں بیک وقت متاثر ہو سکتی ہیں۔
اگرچہ اس واقعے میں کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا، لیکن اس نے خودکار گاڑیوں کی حفاظت اور اعتماد کے حوالے سے نئے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ تحقیقات جاری ہیں، جبکہ کمپنی کی جانب سے تفصیلی بیان کا انتظار کیا جا رہا ہے۔


