روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن(putin) نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے اہم ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے، جس میں خلیج کی موجودہ کشیدہ صورتحال، خطے میں امن اور جاری سفارتی کوششوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان گفتگو میں خلیجی خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور اس کے ممکنہ اثرات پر بات کی گئی۔ روسی صدر نے زور دیا کہ موجودہ بحران کا حل صرف سیاسی اور سفارتی ذرائع سے ہی ممکن ہے، اور تمام فریقین کو تحمل اور مذاکرات کے راستے کو اختیار کرنا چاہیے۔
صدر پیوٹن نے اس موقع پر کہا کہ روس خطے میں کشیدگی کم کرنے، امن کو فروغ دینے اور مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ماسکو ایک منصفانہ، متوازن اور دیرپا امن کے قیام کے لیے ہر ممکن سفارتی تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
مزیدپڑھیں: امریکا اور اسرائیل کی ایران سے جنگ، روسی صدر پیوٹن کا بڑا بیان سامنے آگیا
روسی صدر نے ثالثی کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو روس تمام متعلقہ فریقین کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے تاکہ خطے میں استحکام بحال ہو سکے۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے بھی روس کی سفارتی حمایت اور امن کے لیے کوششوں کو سراہا، جبکہ دونوں رہنماؤں نے خطے میں مزید کشیدگی سے بچنے کے لیے رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔


