ترکیہ میں حکومت نے عیدالاضحیٰ(Eid-ul-Adha) کے موقع پر سرکاری تعطیلات میں نمایاں اضافہ کرتے ہوئے ملازمین کو طویل چھٹیوں کا تحفہ دے دیا ہے۔ صدر رجب طیب اردوان نے اعلان کیا ہے کہ اس سال عید کے موقع پر مجموعی تعطیلات کو بڑھا کر 9 دن کر دیا گیا ہے، جس سے لاکھوں سرکاری ملازمین مستفید ہوں گے۔
کابینہ اجلاس کے بعد صدارتی کمپلیکس میں گفتگو کرتے ہوئے صدر اردوان نے بتایا کہ حکومت نے عید سے قبل ڈیڑھ دن کی اضافی انتظامی چھٹی دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ عوام کو مسلسل آرام کا موقع فراہم کیا جا سکے اور وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ زیادہ وقت گزار سکیں۔
تفصیلات کے مطابق اس فیصلے سے قبل پیر 25 مئی ایک عام ورکنگ ڈے تھا جبکہ منگل 26 مئی (چاند رات) کو نصف دن کی چھٹی دی جاتی تھی، تاہم حکومت نے ان دونوں دنوں کو بھی تعطیلات میں شامل کر کے عید کی چھٹیوں کو مزید طویل بنا دیا ہے۔
حکومتی شیڈول کے مطابق 2026 میں عید الاضحیٰ 27 مئی سے 30 مئی تک منائی جائے گی، جبکہ نئی تعطیلات 25 مئی سے شروع ہو کر 31 مئی تک جاری رہیں گی۔ اس طرح ملازمین کو مسلسل 9 دن کی چھٹی میسر آئے گی، جو حالیہ برسوں میں طویل ترین تعطیلات میں سے ایک قرار دی جا رہی ہے۔
ماہرین کے مطابق اس فیصلے سے نہ صرف عوام کو آرام اور تفریح کا موقع ملے گا بلکہ سیاحت کے شعبے کو بھی فروغ حاصل ہوگا، کیونکہ طویل تعطیلات کے دوران شہری بڑی تعداد میں مختلف سیاحتی مقامات کا رخ کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ ترکیہ میں حکومت ماضی میں بھی مذہبی تہواروں کے موقع پر تعطیلات میں اضافہ کرتی رہی ہے، جس کا مقصد عوام کو سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ معیشت کے بعض شعبوں، خصوصاً ٹورازم، کو متحرک کرنا بھی ہوتا ہے۔


