آبنائے ہرمز(Strait of Hormuz) کی طویل عرصے سے جاری بندش کے خاتمے کے امکانات سامنے آنے لگے ہیں، جبکہ اطلاعات ہیں کہ امریکہ نے ایران پر عائد بحری دباؤ اور ناکہ بندی میں نرمی کا عندیہ دیا ہے۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق قابل اعتماد ذرائع نے بتایا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان ایک ابتدائی مفاہمت طے پائی ہے، جس کے تحت آبنائے ہرمز کو مرحلہ وار دوبارہ کھولنے کے بدلے امریکی پابندیوں اور ناکہ بندی میں نرمی کی جا سکتی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس پیش رفت کا مقصد خطے میں کشیدگی کم کرنا اور عالمی تجارتی و توانائی سپلائی چین کو معمول پر لانا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز عالمی سطح پر تیل کی ترسیل کے لیے نہایت اہم گزرگاہ سمجھی جاتی ہے، جہاں کسی بھی قسم کی بندش عالمی منڈیوں پر فوری اثر ڈالتی ہے۔
ایرانی ریال خریدنے والے خبردار! نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے
تجزیہ کاروں کے مطابق اگر یہ مفاہمت عملی شکل اختیار کرتی ہے تو اس سے نہ صرف تیل کی عالمی قیمتوں میں استحکام آ سکتا ہے بلکہ خطے میں معاشی سرگرمیوں اور بحری تجارت کو بھی فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔
دوسری جانب اس معاملے پر تاحال کسی باضابطہ سرکاری اعلان کی تصدیق سامنے نہیں آئی، تاہم سفارتی حلقے اس پیش رفت کو خطے میں کشیدگی کم کرنے کی جانب اہم قدم قرار دے رہے ہیں۔


