اقوام متحدہ میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب کے دوران میڈ ان پاکستان فٹبال پیش کی گئی، جس نے ایک بار پھر عالمی سطح پر پاکستانی ہنر اور صنعت کا لوہا منوا دیا۔
نیویارک میں انٹرنیشنل فٹبال ڈے اور فیفا ورلڈ کپ کے حوالے سے ہونے والی تقریب میں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے سفارتکاروں کو پاکستانی فٹبال کا تحفہ پیش کیا۔ اس موقع پر مختلف ممالک کے سفارتکاروں کے درمیان دوستانہ فٹبال میچز بھی منعقد ہوئے جن میں پاکستان میں تیار کردہ فٹبال استعمال کی گئی۔
تقریب میں میڈ ان پاکستان فٹبال کو خاص توجہ حاصل رہی، جبکہ سیالکوٹ کے ہنر مندوں کی مہارت کو بھی بھرپور انداز میں سراہا گیا۔ پاکستان خصوصاً سیالکوٹ دنیا بھر میں اعلیٰ معیار کی فٹبالز تیار کرنے کے حوالے سے منفرد مقام رکھتا ہے اور کئی عالمی ٹورنامنٹس میں بھی پاکستانی فٹبالز استعمال ہو چکی ہیں۔
اقوام متحدہ کی تقریب میں شریک سفارتکاروں نے پاکستانی مصنوعات کے معیار اور کاریگروں کی مہارت کی تعریف کی۔ اس موقع پر پاکستانی مندوب عاصم افتخار نے کہا کہ سیالکوٹ کے کاریگر اپنی محنت اور مہارت سے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق پاکستان کی اسپورٹس انڈسٹری بالخصوص فٹبال سازی عالمی مارکیٹ میں اہم مقام رکھتی ہے اور یہ شعبہ ملکی برآمدات میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔


