مکہ مکرمہ: حج 2026 کے موقع پر شدید گرمی کی لہر کے باعث سعودی وزارت حج و عمرہ نے عازمین حج کیلئے اہم احتیاطی ہدایات جاری کردی ہیں تاکہ حجاج کرام محفوظ اور آسان انداز میں مناسک ادا کرسکیں۔
سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عازمین دن کے اوقات میں غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں اور شدید دھوپ کے دوران آرام کو ترجیح دیں۔ وزارت نے مشورہ دیا کہ حجاج اپنے ہوٹلوں کے قریب موجود مساجد میں نماز ادا کریں تاکہ زیادہ پیدل سفر سے بچا جا سکے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اگر مسجد الحرام تک پہنچنے میں شدید گرمی یا جسمانی تھکن محسوس ہو تو عازمین اپنی صحت کو ترجیح دیں کیونکہ پورا شہر مکہ حدودِ حرم میں شامل ہے اور مکہ میں کہیں بھی ادا کی گئی نماز کا اجر ایک لاکھ نمازوں کے برابر ہے۔
سعودی حکام نے حجاج کو زیادہ پانی پینے، دھوپ سے بچنے کیلئے چھتری استعمال کرنے اور براہ راست سورج کی روشنی میں زیادہ دیر نہ رہنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ وزارت کے مطابق اگر کسی حاجی کو چکر آنا، جسم کا درجہ حرارت بڑھنا، سر درد یا دھندلا نظر آنے جیسی علامات محسوس ہوں تو فوری طور پر ایمرجنسی نمبر 911 پر رابطہ کیا جائے۔
دوسری جانب سعودی عرب کے قومی محکمہ موسمیات نے بھی مختلف علاقوں میں گرد آلود ہواؤں اور شدید گرمی کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مکہ مکرمہ میں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ مدینہ منورہ میں 44 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ دنیا بھر سے لاکھوں عازمین حج 2026 کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب پہنچ رہے ہیں جبکہ مناسک حج کا آغاز 25 مئی سے متوقع ہے۔


