بھارت میں پیٹرول قیمت ایک بار پھر بڑھا دی گئی ہے، جس کے بعد گزشتہ 10 دنوں میں ایندھن کی قیمتوں میں یہ چوتھا اضافہ قرار دیا جا رہا ہے۔ مسلسل بڑھتی قیمتوں نے بھارتی عوام کیلئے روزمرہ اخراجات میں مزید مشکلات پیدا کر دی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس وقت بھارت میں پیٹرول کی قیمت 102.12 بھارتی روپے فی لیٹر تک پہنچ چکی ہے جبکہ ڈیزل 95.20 روپے فی لیٹر میں فروخت ہو رہا ہے۔ پاکستانی کرنسی میں یہ قیمتیں بالترتیب تقریباً 297 روپے اور 277 روپے فی لیٹر بنتی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باعث ایندھن کی قیمتوں میں ردوبدل کیا جا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں بے یقینی اور کرنسی کی قدر میں تبدیلیاں مقامی مارکیٹ پر براہِ راست اثر ڈال رہی ہیں۔
معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ٹرانسپورٹ اخراجات بڑھانے کے ساتھ مہنگائی میں بھی اضافے کا باعث بن سکتا ہے۔ اشیائے خورونوش، ٹرانسپورٹ اور دیگر ضروری خدمات مزید مہنگی ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
کاروباری حلقوں نے بھی بڑھتی ایندھن قیمتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلسل مہنگائی کاروباری سرگرمیوں اور عام صارفین دونوں کیلئے مشکلات پیدا کر رہی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں اسی طرح غیر مستحکم رہیں تو آنے والے دنوں میں مزید اضافے کا امکان بھی موجود ہے۔


