Search
Close this search box.
هفته ,20 جون ,2026ء

پاکستان کے بہترین دن ابھی آنے والے ہیں، اسحاق ڈار کا بڑا دعویٰ

اسحاق ڈار

اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کیلئے مثبت کردار ادا کر رہا ہے جبکہ ملک معاشی استحکام کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے نیویارک میں پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے بہترین دن ابھی آنے والے ہیں۔

عید ڈنر تقریب سے خطاب میں اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے عالمی امن، سفارتکاری اور علاقائی استحکام کیلئے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے مشکل معاشی حالات کے باوجود معیشت کو سنبھالا اور اب ملک ترقی کے نئے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی میں کمی، کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری، بیرونی کھاتوں میں استحکام اور سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان درست سمت میں گامزن ہے۔ اسحاق ڈار کے مطابق حکومت اب برآمدات بڑھانے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ معیشت کو مزید مضبوط بنایا جاسکے۔

وزیر خارجہ نے مئی 1998 میں پاکستان کے ایٹمی طاقت بننے کو قومی تاریخ کا اہم سنگ میل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے نے دنیا کو پاکستان کے عزم اور صلاحیت کا پیغام دیا تھا۔

اسحاق ڈار نے حالیہ علاقائی کشیدگی کے دوران پاکستان کے کردار کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے کیلئے سفارتی کوششیں کیں۔ ان کے مطابق پاکستان ہمیشہ مذاکرات اور امن کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتا ہے۔

انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ملک کی ترقی میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کا کردار ملکی معیشت کیلئے انتہائی اہم ہے۔

یہ بھی پڑھیں