Search
Close this search box.
هفته ,25 جولائی ,2026ء

کاکروچ جنتا پارٹی کا دھرنا ختم کرنے کا اعلان

کاکروچ جنتا پارٹی

نیو دہلی:بھارت میں طلبا کے طویل احتجاج کے بعد کاکروچ جنتا پارٹی نے بھارتی وزیر تعلیم دھرمندر پردھان کے استعفے کے بعد حکومت کے خلاف جاری احتجاج ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔
پارٹی نے اپنے کارکنوں اور مظاہرین سے اپیل کی ہے کہ وہ پرامن طریقے سے اپنے گھروں کو واپس لوٹ جائیں۔

کاکروچ جنتا پارٹی کے ترجمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی حکومت کے حالیہ فیصلے کو مثبت پیش رفت سمجھتے ہوئے نیک نیتی کے ساتھ اپنا احتجاج واپس لے رہی ہے، طلبا نے اپنے مطالبات کیلئے جمہوری اور پرامن انداز میں آواز بلند کی، جس کے نتیجے میں ان کی جدوجہد کامیاب ہوئی۔

یاد رہے کہ کاکروچ جنتا پارٹی کی جانب سے امتحانی پرچہ آؤٹ ہونے کے معاملے پر بھارتی وزیر تعلیم دھرمندر پردھان سے استعفے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔ اس احتجاج کے پیش نظر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے وزیر تعلیم کا استعفیٰ منظور کر لیا۔

پارٹی نے اپنے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر جاری بیان میں کہا کہ طلبا کی طاقت زندہ باد، وزیر تعلیم مستعفی ہو گئے۔ بیان میں کہا گیا کہ طلبا 5 جون سے نئی دہلی کے جنتر منتر پر دھرنا دیے ہوئے تھے، ان کا بنیادی مطالبہ امتحانی نظام میں شفافیت اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی تھا۔

طلبا کے احتجاج کو مختلف سیاسی جماعتوں، سماجی کارکنوں، اداکاروں اور دیگر معروف شخصیات کی حمایت بھی حاصل رہی۔ احتجاجی مظاہروں میں بڑی تعداد میں نوجوان شریک ہوئے، جنہوں نے تعلیمی نظام میں اصلاحات کا مطالبہ کیا۔

کانگریس کی رہنما پریانکا گاندھی نے طلبا کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں نے اپنے حقوق کیلئے ڈٹ کر آواز اٹھائی اور ان کی جدوجہد کامیاب رہی، اب کسی کو بھی نوجوانوں کی آواز دبانے کی جرات نہیں ہونی چاہیے۔

راہول گاندھی نے بھی اپنے پیغام میں طلبا کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ماضی کبھی مستقبل کو شکست نہیں دے سکتا، نریندر مودی اب بھارت کا ماضی بن چکے ہیں۔

عام آدمی پارٹی کے رہنما اروند کیجری وال نے طلبا اور کاکروچ جنتا پارٹی کو مبارکباد دیتے ہوئے اسے جمہوریت کی کامیابی قرار دیا۔
مزید پڑھیں :آزاد جموں و کشمیر: 27 جولائی کو عام تعطیل کا اعلان

یہ بھی پڑھیں