اسلام آباد(ویب ڈیسک )فیڈرل بورڈ آف ریوینیو (ایف بی آر) نے ریٹیلرز اور ہول سیلرز کی رجسٹریشن کرکے ان سے ایڈوانس انکم ٹیکس وصول کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ایف بی آر ٹیکس نیٹ کو وسیع اور ریٹیلرز اسکیم پر اجلاس ہوا، جس میں آئی ایم ایف کے ساتھ نئے قرض پروگرام سے قبل ٹیکس نیٹ وسیع کرنے کے اقدامات پر عملدرآمد کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیر خزانہ محمداورنگزیب، سیکرٹری خزانہ اور ایف بی آر حکام نے اس حوالے سے وزیراعظم کو بریفنگ دی۔
وزیرخزانہ نے وزیراعظم کو ریٹیلرز کیلئے لانچ کی گئی اسکیم کے خدوخال سے آگاہ کیا، جس کے مطابق کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، کوئٹہ اور پشاور کے ریٹیلرز اور ہول سیلرز کی رجسٹریشن کی جائے گی۔
مزیدپڑھیں :دوبارہ خیبر پختون خوا کا وزیراعلیٰ بنوں گا، پرویز خٹک
ذرائع کے مطابق اسٹورز، دوکانیں، ویئر ہاوسز، کاروباری دفاتر اسکیم کے تحت رجسٹریشن کرانے کے پابند ہوں گے۔
وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ریٹیلرز اور ہول سیلرز کی رجسٹریشن کرکے ایڈوانس انکم ٹیکس وصول کیا جائے گا۔ تاجر دوست ایپ کے زریعے تاجروں اور دوکانداروں کا سینٹرل ڈیٹا بیس تیار کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے معاشی ٹیم کو ٹیکس نیٹ وسیع کرنے اور ریٹیلرز کی رجسٹریشن مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔



