Search
Close this search box.
اتوار ,07 جون ,2026ء

کوفہ کی تاریخی اہمیت اور کوفہ کے علماء و فقہا کی دینی خدمات

اسلامی تاریخ کا عظیم شہر’’کوفہ‘‘ جس کی بنیاد خلیفہ دوم حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے 638 میں رکھی۔جو آپ کے دور خلافت میں دریائے فرات سے متصل عراق میں معرض وجود میں آنے والا ایسا اہم شہر تھا جو اسلامی علوم ،سیاست اور ثقافت کا گہوارہ بنا۔
حضرت علی کرم اللہ وجہہ نے خلعت خلافت پہننے کے بعد اسی شہر کو اپنادارالخلافہ بنایا۔یہی وجہ تھی کہ کوفہ اسلامی سیاست کا عظیم محور و مرکز بن گیا۔کوفہ اسلامی علوم کا بہت بڑا مرکز بنا جہاں قرآن، حدیث فقہ اور علم و ادب نے فروغ پایایہ وہ شہر تھا جس میں فقہ حنفی کے علاوہ دیگر کئی مکاتب فکر بھی پروان چڑھے۔یہ ایک ایسا شہر تھا جس میں عربی زبان و ادب خصوصا ً علم نحو نے بہت ترقی کی ،جس کے بانی ابو الاسود الدولی گردانے جاتے ہیں ۔
یہ وہ عظیم الشان شہر ہے جس میں قرآن و حدیث کی اساس پر فقہی اجتہاد کوپھلنے پھولنے کا موقع ملا اورقیاس و اجتہاد کے اصول بھی پہلی مرتبہ اسی شہر میں وضع کئے گئے۔کوفہ کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ یہاں خط کوفی کی بنیاد پڑی۔وہ علما ء و فقہا جنہوں نے کوفہ میں اسلامی دینی خدمات انجام دیں ان میں سر فہرست عمزاد و داماد رسول رحمت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ ہیں ۔آپ نے قرآن، حدیث اور فقہ میں دسترس رکھنے والے متعدد تلامذہ کی جماعت تیار کی۔
امام ابو حنیفہؒ کوفہ کے فقیہ تھے انہوں نے قیاس ،اجتہاد اور استحسان کے اصولوں پر مبنی فقہی نظام کا رواج ڈالا بعد ازاں امام ابویوسف اور امام محمد نے اپنے استاذ مکرم امام ابو حنیفہ ؒ کے فقہ کی تدوین فرمائی۔قبیلہ ہذیل سے تعلق رکھنے والے عبداللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ جن کا شمار نبی آخرالزمان صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے انتہائی قریبی رفقا میں ہوتا تھا ،آغاز اسلام ہی میں بیعت رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے اعزاز سے سرفراز ہوئے۔نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے انہیں علم قرآن کا ماہر قرار دیا ۔آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا ’’چار افراد سے قرآن کا علم سیکھو، عبداللہ بن مسعود، معاذ بن جبل ،سالم مولی ابی حذیفہ اور ابی بن کعب‘‘ رضی اللہ تعالیٰ عنہما۔ عبداللہ بن مسعود حافظ قرآن تھے اور ان کا شمار قرآن، حدیث اور فقہ کے اولین علماء میں ہوتاتھا ۔ زہد و تقوی میں کمال رکھنے کے ساتھ ساتھ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی کی تعلیمات کے نقش عظیم تھے کوفہ میں انہوں نے دین اسلام کی جو فکری تعبیر پیش کی اس کی مثال خال خال ملتی ہے ۔
آپ کے علمی فیض کا چشمہ تاحیات جاری رہا۔حضرت عبداللہ بن مسعودؓ کا دلوں پر مرتسم ہوجانے والا قول تھا کہ’’جو چیز تمہیں دل کی نرمی عطا کرے وہی علم ہے۔‘‘
امام شعبہ بن الحجاج کا تعلق بھی کوفہ سے تھا ۔علم حدیث کا ماہر ہونے کی وجہ سے انہیں ’’امیر المومنین فی الحدیث‘‘کے لقب سے پکاراجاتا تھا۔ آپ نے حدیث کی تحقیق اور اسناد کی جانچ کے اصول متعارف فرمائے۔
کوفہ کے ایک اور محدث اورفقیہ سفیان الثور ی تھے جو اپنے زہد وتقویٰ کے حوالے سے بہت شہرت رکھتے تھے اور ان کے فقہی نظریات کا بھی بہت چرچا تھا۔امام حمزہ کوفہ کے معروف قاری قرآن تھے اللہ نے انہیں لحن دائودی عطا فرمایا تھا تلاوت قرآن فرماتے تویوں لگتا جیسے قرآن ابھی اتررہا ہو ۔انہوں نے کوفہ میں قرات کے بہت سارے شاگرد پیدا کئے۔ امام کسانی بھی خوبصورت لہجے میں قرات کرتے ،اس کے علاوہ آپ علم نحو کی تدریس کا فریضہ سرانجام دیتے جس کے انہوں نے خود کچھ اصول وضع کئے۔ابو اسحاق السیعی تابعی تھے ۔فقہ اور حدیث کے علم کے حوالے سے بھی دور دراز تک پہچان رکھتے تھے۔
امام حسن بصری بنیادی طور پر بصرہ کے تھے مگر کوفہ کے علماء بھی ان کے افکارو نظریات پر دل و جاں نچھاور کرتے تھے۔ بلال بن یساف بھی ایک تابعی تھے جو کوفہ کے علمی حلقوں میں منفرد مقام کے حامل تھے۔کوفہ گنتی کے نہیں بلکہ سینکڑوں محدثین کی آماجگاہ تھا جہاں بڑے دینی مدرس و محقق تعلیم پاکر طول و عرض میں پھیل کر مخلوق خدا کو دین اسلام سے آگاہ و آشنا کرتے ۔عبداللہ مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور امام ابو حنیفہ کے شاگردوں کی بہتات تھی جنہوں نے کوفہ کو دین اسلام کا قلعہ بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں