(گزشتہ سے پیوستہ)
آپﷺ کا بڑا مقصد یہی تھا کہ لوگ آپﷺ کی بات سمجھ جائیں۔ آپﷺ کے پاس بدوی اور شہری،ان پڑھ اور تجربہ کار کم عقل اور ذہین دونوںطرح کے لوگ آتے تھے آپﷺ ہر ایک سے اس کی سمجھ کے مطابق سلوک کرتے۔ بطور معلم آپﷺ کی ایک خوبی آپﷺ کا انکسار اور تواضع بھی ہے۔ اگرچہ آپﷺ کو اللہ تعالیٰ سے ہمکلام ہونے کا شرف حاصل تھا اور آپﷺ کو اللہ تعالیٰ سے حقیقی علم عطا ہوا تھا اس کے باوجود آپﷺ نے کبھی غرور نہ کیا اور تواضع کو نہیں چھوڑا۔آپﷺ نے امت کو جس بات کی تعلیم دی اس کا بذات خود عملی نمونہ بن کر دکھایا۔ آپﷺ نے لوگوں کو نماز کی تلقین فرمائی تو خود اپنا یہ حال تھا کہ اگر دوسرے پانچ وقت نماز پڑھتے تھے تو آپ آٹھ وقت نماز پڑھتے تھے جس میں چاشت، اشراق اور تہجد کی نمازیں شامل ہیں،آپﷺ نے دوسروں کو نماز باجماعت کی تعلیم دی تو خود یہ عمل کرکے دکھایا کہ ساری زندگی تو نماز باجماعت کی پابندی فرماتے رہے۔
مرض وفات میں بھی آپﷺ نے مسجد کی جماعت کو نہ چھوڑا اور دو آدمیوں کے سہارے مسجد میں تشریف لا کر نماز ادا کی۔آپﷺ نے مسلمانوں کو زکو دینے اور اللہ کی راہ میں خرچ کرنے کی تاکید فرمائی تو سب سے پہلے اس کا نمونہ خود پیش فرمایا۔ عام مسلمانوں پر مال کا چالیسواں حصہ فرض کے طور پر دینے کا حکم تھا لیکن آپﷺ کا اپنا عمل یہ تھا کہ اپنی ضروریات کو نہایت سادہ طریقے سے پورا کرنے کے بعد اپنی ساری آمدنی ضرورت مند افراد میں تقسیم فرما دیتے تھے۔
آپﷺ نے مسلمانوں کو زہدوقناعت کی تعلیم دی تو خود اس کا عملی نمونہ بن کر دکھایا۔ غزوہ خندق کے موقع پر بعض صحابہ نے بھوک کی شکایت کی اور پیٹ سے کپڑا ہٹا کر دکھایا جہاں پتھر بندھا ہوا تھا۔ سرور دو عالمﷺ نے جواب میں اپنے شکم مبارک سے کپڑا ہٹایا جس پر دو پتھر بندھے ہوئے تھے۔ اسی طرح اگر مساوات کی تعلیم دی تو ساری زندگی اس کا نمونہ بنے رہے۔ یہاں تک کہ خندق کی کھدائی میں بھی شریک رہے۔رسول پاکﷺ نے تعلیم میں دلچسپی پیدا کرنے اور طلباء کو اپنی جانب متوجہ کرنے کے لئے جہاں بہت سے طریقے اختیار فرماتے وہاں بعض اوقات مناسب اور پرکشش سوال سے بھی ابتدا فرماتے جن سے ان کی توجہ پوری طرح آپﷺ کی جانب مبذول ہو جاتی تھی۔ حدیث میں اتدرون (کیا تم نہیں جانتے ایحبون )کیا تم پسند کرتے ہو،وغیرہ کلمات سے بات کا آغاز کرنے کی بہت سی مثالیں ملتی ہیں۔ ہجرت سے پہلے کسی باقاعدہ درس گاہ کا ذکر نہیں ملتا البتہ منصب نبوت پر سرفراز ہونے کے بعد حضرت ارقم کا گھر آپ کی تعلیمی اور تبلیغی سرگرمیوں کا مرکز تھا۔ ہجرت کے بعد مدینہ منورہ میں رسول اللہﷺ نے سب سے پہلا کام مسجد نبویﷺ کی تعمیر کا کیا۔ اس مسجد کے حصے میں سائبان اور چبوترہ (صفہ)بنایا۔ اس میں اساتذہ کا تقرر کیا گیا جو علم دین کے ساتھ ساتھ مختلف فنون کی تعلیم دیتے تھے۔
عبداللہ بن سعید بن العاصؓ جو کاتب تھے کو کتابت سکھانے پر مامور کیا گیا۔حضرت عبادہ بن صامتؓ کو بھی کتابت اور تعلیم قرآن پر مقرر کیاگیا۔صفہ کی درسگاہ میں تعلیم پانے والے صحابہ کی تعداد بعض مئولفین نے چار سو لکھی ہے۔ ایک مملکت کے حاکم اعلیٰ کی حیثیت سے آپﷺ کو مترجمین کو بھی ضرورت تھی۔ جو غیر زبانیں جانتے ہوں چنانچہ حضرت زید بن ثابتؓ آپﷺ کے ترجمان تھے وہ فارسی حبشی اور رومی زبانیں جانتے تھے انہوں نے آپﷺ کے حکم پر عبرانی زبان بھی سیکھ لی۔ قرآن کریم اور احادیث نبویﷺ میں علم دین کی تعلیم کو خواتین کے لئے بھی اسی قدر ضروری قرار دیا گیا ہے جس قدر وہ مردوں کے لئے ضروری ہے۔ آپﷺ نے فرمایا ’’جو کوئی اپنی لونڈی کو عمدہ تعلیم و تربیت دے اور اس سے نکاح کرے اسے دگنا ثواب ملے گا۔‘‘
حضورﷺ نے تعلیم کا یہ سلسلہ اپنے گھر سے شروع کیا تھا اور آپﷺ ہی کی تعلیم کی بدولت حضرت عائشہؓ، حدیث،تفسیر،فقہ اور شعر و ادب میں بہت بڑی عالمہ ہوگئی تھیں اور انہوں نے حضورﷺ کی وفات کے بعد بھی اپنے تعلیمی فیض کا سلسلہ جاری رکھا۔رسول پاکﷺ نے اہل عرب میں جب اپنی تعلیم کا آغاز کیا اس وقت وہ قوم دنیا میں حقیر تھی،کمزور و ناتواں تھی،بحیثیت اور بے وقار تھی،ان پڑھ اور جاہل تھی وہ زندگی گزارنے کے سلیقے اور تہذیب و تمدن سے ناآشنا تھی۔ قتل وغارت کی خوگر اور ظلم وتشدد کی آخری حدوں کو چھو رہی تھی اور انسانیت اور شرافت کی قدروں سے سراسر محروم تھی۔ حضورﷺ نے تشریف لا کر اس قوم کی کایا پلٹ دی۔ ان کے دل و دماغ میں انقلاب پیدا کر دیا۔ ان کے اخلاق کی قدریں بدل گئیں۔یہ معلم اعظمﷺ کا ہی کمال ہے کہ انہوں نے اس جاہل قوم کی اتنی بڑی تعداد کو زیور تعلیم سے مزین فرمایا کہ وہ آنے والی نسلوں کے لئے علم کے روشن ضیا ثابت ہوئے۔ انہوں نے بہت جلد دنیا میں سیاسی،معاشرتی اور معاشی نطام میں برتری کے ساتھ ساتھ علمی میدان میں بھی اپنی عظمت کے جھنڈے گاڑ دئیے اور کئی صدیوں تک دنیا صرف مسلمانوں کے خزانہ علمی سے فیض یاب ہوتی رہی۔اس طرح حضرت ابراہیم علیہ السلام کی وہ دعا پوری ہوئی جو انہوں نے کعبہ کی تعمیر کے وقت اپنے رب سے مانگی تھی کہ اے ہمارے رب! ان لوگوں میں ایسا رسولﷺ مبعوث فرما جو انہیں تیری آیات پڑھ کر سنائے۔ انہیں کتاب و حکمت کی تعلیم دے اور ان کے باطن کو پاک کرے (سورہ البقرہ آیت 129) آج بھی حضورﷺ کی تعلیمات پر عمل کرنے کی ضرورت ہے اور آپﷺ کی دکھائی ہوئی راہوں پر چلنے کی حاجت ہے۔ آپﷺ ہی کی بتائی ہوئی تعلیمات پر عمل کرکے ہم نہ صرف سچے مسلمان بن سکتے ہیں بلکہ دنیا میں بھی سرخرو ہوسکتے ہیں۔