مودی سرکار کو پاکستان کے ہاتھوں شکست ہضم نہیں ہو پا رہی۔ ناکام فوجی آپریشن سندور بھارت کے ماتھے کا کلنک بن گیا ہے۔ طیاروں کی تباہی تو مودی سرکار کی چڑ بن چکی ہے۔ کوئی دن نہیں گزرتا جب طیاروں کی تباہی اور عسکری ناکامی کا تذکرہ بین الاقوامی میڈیا پر نہ ہو۔ رہی سہی کسر امریکی صدر ٹرمپ نے نکال دی ہے۔ ایک حالیہ بیان میں صدر ٹرمپ نے واضح الفاظ میں پاک فضائیہ کے ہاتھوں بھارتی طیاروں کی تباہی کا ذکر کر کے مودی سرکار کے زخم ہرے کر دیئے ہیں۔پہلے سیز فائر کے حوالے سے امریکی صدر کے بیانات نے بھارت میں بہت بے چینی پھیلائی۔ یہ وہ وقت تھا کہ جب بھارتی حکومت اور گودی میڈیا جعلی خبروں کے کارخانے کی طرح مسلسل پاکستان کی شکست کا ڈھول پیٹ رہے تھے۔ معاملہ اس کے برعکس ہوا۔ پاکستان کے آپریشن بنیان مرصوص نے بھارت کی جھوٹی فتح کا پول کھول دیا۔ دندان شکن شکست کے بعد آپریشن سندور کی ناکامی اور جدید رافیل طیاروں کی تباہی دنیا بھر میں مودی سرکار کی جگ ہنسائی کا سبب بنی ہوئی ہے۔ طاقت کے زعم میں مبتلا مودی سرکار نے کافی عرصے سے جھوٹے پروپیگنڈے کے ذریعے بھارتی عوام کو یہ باور کرا دیا تھا کہ فوجی، معاشی اور سفارتی محاذوں پر پاکستان ہندوستان کے مقابل کوئی حیثیت نہیں رکھتا۔ بالی وڈ کی بی گریڈ فلموں اور ڈرامہ سیریلز کے ذریعے پاکستان کو دہشت گردی کا گڑھ اور ہندوستانی خفیہ اداروں کو انتہائی طاقتور عنصر کے طور پر پیش کر کے تصوراتی دنیا تخلیق کی گئی۔
گزشتہ چند برسوں کے دوران پاکستان کے داخلی سیاسی انتشار اور معاشی بحران سے بھارت کو مزید شہہ ملی۔ خفیہ طور پر دہشت گرد گروہوں اور لسانی علیحدگی پسندوں کی پشت پناہی کر کے مودی سرکار نے پاکستان میں عدم استحکام کی آگ بھڑکا رکھی تھی ۔ یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ پہلگام میں بھارتی سیاحوں کو ہدف بنا کر مودی سرکار نے پاکستان کے خلاف جنگ چھیڑنے کا بہانہ تراشا ۔یہ فالس فلیگ آپریشن بری طرح ناکام ہوا۔ عالمی سطح پر بھارت کے بیانیے کو کسی ملک نے تسلیم نہیں کیا ۔ فالس فلیگ کو بنیاد بنا کر پاکستان میں میزائل اور ڈرون حملے کر کے بھارت نے خود کو ایک غیر ذمہ دار ریاست ثابت کیا ہے۔پاکستان کے نپے تلے لیکن موثر رد عمل نے بھارت کی ساکھ کو بری طرح پامال کر دیا ہے۔پہلے مرحلے میں حملہ آور بھارت کے طیارے تباہ کر کے پاکستان نے اپنی عسکری مہارت کا ناقابل تردید ثبوت پیش کیا۔ اس کے بعد 9 اور 10 مئی کی درمیانی شب بھارتی میزائلوں کے رد عمل میں پاکستان نے جس پیشہ وارانہ مہارت سے ہندوستان میں عسکری اہداف کو نشانہ بنایا اس سے مودی سرکار پر سکتہ طاری ہو گیا۔ طیاروں اور ایئر ڈیفنس سسٹم کی ناکامی کے معاملے پر کئی ہفتوں تک بھارت کے سفارتی اور عسکری ذرائع کوئی موثر جواب نہ دے سکے۔ بھارت کی فتح کے جھوٹے فسانے گھڑنے والے میڈیا کی تمام دنیا میں رسوائی ہو چکی ہے۔ معروف عالمی میڈیا ادارے بھارت کی جعلی خبروں اور جھوٹے دعووں کا پردہ فاش کر چکے ہیں۔ کھسیانی بلی کھمبا نوچے کی مصداق مودی سرکار اور اس کے پروردہ میڈیا نے سیز فائر کے معاملے پر امریکی انتظامیہ اور صدر ٹرمپ کو تنقید کا نشانہ بنا رکھا ہے۔ یہ بھی عجب تماشہ ہے کہ ایک جانب بھارت امریکہ کے ساتھ تزویراتی تعلقات پر ناز کرتا ہے تو دوسری جانب شرمناک شکست کھانے کے بعد سیز فائر کے امریکی دعوئوں کی نفی بھی کر رہا ہے۔ یہ پہلو تشویش ناک ہے کہ جوں جوں آپریشن سندور کی ناکامی پر تنقید ہو رہی ہے توں توں مودی سرکار کی تلملاہٹ میں اضافہ ہو رہا ہے۔
فالس فلیگ آپریشن کو بنیاد بنا کر مودی سرکار پاکستان مخالف جنگی جنون پھیلا کر بی جے پی کے لئے سیاسی فوائد کے مواقع پیدا کرنا چاہ رہی تھی۔ ماضی میں بھی پلوامہ میں سی آر پی ایف کے جوانوں کو فالس فلیگ آپریشن میں نشانہ بنا کر بی جے پی نے بالاکوٹ فضائی حملے کا بہانہ تراشا تھا۔ وہ فالس فلیگ اپریشن بھی بری طرح ناکام ہوا تھا ۔حد تو یہ ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے سابق گورنر نے مودی سرکار کو سازشانہ غفلت کا مرتکب قرار دے کر تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔ ناکام بالاکوٹ فضائی حملے کے جواب میں پاکستان نے دو طیارے تباہ کر کے ایک بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو بھی گرفتار کر لیا تھا۔ تاہم پہلگام فالس فلیگ اور آپریشن سندور کی ناکامی کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔ کانگرس سمیت حزب اختلاف کی جماعتیں بی جے پی کو آڑے ہاتھوں لے رہی ہیں۔ سفارتی محاذ پر بھارت کے کل جماعتی وفود کوئی خاطر خواہ کامیابی نہیں حاصل کر سکے۔ اس کا اندازہ ایس سی او پلیٹ فارم کے اعلامیہ پر دستخط کرنے کے موقع پر بھارتی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کی تلملاہٹ سے لگایا جا سکتا ہے۔
اقوام متحدہ میں سلامتی کونسل کی قرارداد میں بھی بھارتی جھوٹے موقف کو پذیرائی نہیں ملی۔ ان ناکامیوں سے کوئی سبق سیکھنے کے بجائے مودی سرکار کا جنون بڑھتا جا رہا ہے۔ پاکستان دشمنی کا جنون بھارت کے حواس پر مسلط ہے۔ یہ کہا جا رہا ہے کہ آپریشن سندور ختم نہیں ہوا بلکہ عارضی طور پر روکا گیا ہے۔ اس کا واضح مطلب یہ ہے کہ بھارت ایک مرتبہ پھر پاکستان کے خلاف جارحیت کرے گا۔ آثار ظاہر ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ بھارتی خفیہ اداروں سے وابستہ سوشل میڈیا اکانٹ امرناتھ یاترا کے موقع پر دہشت گرد حملوں میں پاکستان کے ملوث ہونے کا واویلا شروع کر چکے ہیں۔ بابا بنارس جیسے بدنام زمانہ سوشل میڈیا اکانٹ سے ہی ماضی میں متعدد بھارتی دہشت گرد حملوں کی پیشگی اطلاعات جاری کی گئی تھیں۔ صاف ظاہر ہے کہ مودی سرکار امرناتھ یاترا کے موقع پر فالس فلیگ آپریشن کر کے پاکستان کے خلاف ایک مرتبہ پھر جارحیت کا منصوبہ تیار کر چکا ہے۔ یہ امر پیش نظر رہے کہ ایسے ہر شر انگیز منصوبے میں اسرائیل کی معاونت مودی سرکار کو حاصل رہے گی۔