Search
Close this search box.
جمعرات ,02 جولائی ,2026ء

ٹرمپ،مودی اور بھارت کی جگ ہنسائی

بعض عالمی معاملات اہم ہونے کے ساتھ ساتھ دلچسپ بھی ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ہندوستان بارے بیانات اسی زمرے میں آتے ہیں۔ یہ بیانات تسلسل سے آ رہے ہیں۔ ہر بیان پر پردھان منتری نریندر مودی اور ان کے چیلے تلملا اٹھتے ہیں۔ اقتدار کے تیسرے دور میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی جو درگت بن رہی ہے وہ کبھی ’’مودی اینڈ کمپنی‘‘کے وہم و گمان میں بھی نہ تھی۔ یہ کون نہیں جانتا کہ بی جے پی دراصل انتہا پسند گروہ راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ یعنی آر ایس ایس کا سیاسی بازو ہے۔ بھارت کے جعلی سیکولرزم کی چھتری تلے بی جے پی نے ملک میں ہندو بالا دستی قائم کرنے کے لیے نہایت جارحانہ حکمت عملی اپنا رکھی ہے۔ اس حکمت عملی کے بے رحمانہ نفاذ کا سب سے زیادہ نشانہ بھارتی مسلمان بنتے چلے آئے ہیں۔ پاکستان اور اسلام دشمنی بی جے پی کے سیاسی نظریات کے اہم عناصر ہیں۔ نریندر مودی کی قیادت میں بھارت میں جو کچھ مسلمانوں کے ساتھ کیا جا رہا ہے اس سے ’’اسلاموفوبیا‘‘کی اصلاح نے جنم لیا ہے۔ بی جے پی نے اندرونی محاذ پر اقلیتوں کے خلاف ریاستی جبر کی انتہا کر رکھی ہے اور بیرونی محاذ پر پاکستان کے خلاف چومکھی کی جنگ چھیڑ رکھی ہے۔ مذہبی نفرت سے بھارتی عوام کے ذہن آلودہ کرنے کے بعد نریندر مودی کو ’’قوم کا محافظ‘‘ اور’’عظیم فاتح‘‘ بنا کر پیش کیا جاتا رہا ہے۔ بابری مسجد کی زمین پر رام مندر کی تعمیر ، مقبوضہ جموں و کشمیر کی آئینی ریاستی حیثیت کی منسوخی، مساجد کی مندروں میں جبری تبدیلی، مسلمانوں کی جائیدادوں کی بلڈوزروں سے مسماری، حجاب پر پابندی اور گئو رکشکوں کے ہاتھوں بے گناہ مسلمانوں کے اذیت ناک قتل جیسے اقدامات کو استعمال کر کے بی جے پی نے پردھان منتری نریندر مودی کا پروفائل مضبوط کیا۔
پاکستان کے خلاف جنگی جنون کو بھی بی جے پی نے سیاسی فائدے کے لئے بھرپور طریقے سے استعمال کیا ہے۔ یہ بھی ایک دلچسپ امر ہے کہ جنگی میدان میں ہر معرکے میں بی جے پی سرکار کو منہ کی کھانی پڑی ہے۔ پلوامہ فالس فلیگ آپریشن کے بعد سرجیکل سٹرائیک کی فسادی شرارت مودی سرکار کو بہت مہنگی پڑی تھی۔ دو جنگی طیاروں کی تباہی اور ونگ کمانڈر ابھی نندن کی گرفتاری سے بھارت کو جگ ہنسائی کا سامنا کرنا پڑا لیکن جو عالمی رسوائی آپریشن سندور کی ناکامی کے بعد ہوئی ہے اس نے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ دئیے ہیں۔ میزائل اور ڈرون حملوں سے مودی سرکار نے میڈیا پروپگنڈے کی بدولت پاکستان کی شکست کا جھوٹا منظر نامہ تشکیل دیا۔ اس منظر نامے میں مودی کو ’’فاتح پاکستان‘‘بنا کر پیش کیا گیا ۔ ابھی بھارتی جنتا جھوٹے بیانئے اور جعلی فتح کے سحر میں مبتلا ہوئی ہی تھی کہ پاکستان نے منہ توڑ جواب دے کر مودی سرکار کے ہوش ٹھکانے لگا دیے۔ پہلے ہلے میں بھارت نے اپنے شہرہ آفاق رافیل طیارے گنوائے۔یہ جھٹکا اتنا شدید تھا کہ پوری بھارتی فضائیہ ہل کر رہ گئی۔ بی جے پی سرکار، اس کے حامی اور گودی میڈیا پر اصل قیامت تو اس دن ٹوٹی جب 10مئی کی صبح افواج پاکستان نے باقاعدہ طور پر آپریشن بنیان المرصوص کا آغاز کیا ۔فرانس کے رافیل طیاروں، اسرائیل کے ڈرون اور روس کے دفاعی میزائل سسٹم کے باوجود بھارت کو عبرت ناک شکست سے دوچار ہونا پڑا ۔
بھارتی میڈیا کے جھوٹے دعوے اب ہندوستانی فوج اور بی جے پی سرکار کے ماتھے کا کلنک بن چکے ہیں۔ پاکستان کے جوابی عسکری اقدام نے بی جے پی حکومت اور مودی کے تمام منصوبوں کو ملیامیٹ کر دیا ہے۔ بی جے پی مودی کو فاتح بنا کر پیش کرنا چاہ رہی تھی اس کے برعکس مودی کو شکست خوردہ وزیراعظم کہہ کر ہدف تنقید بنایا جا رہا ہے۔ ہندوستانی جنتا کو یہ باور کرایا جا رہا تھا کہ پاکستان میں تمام ایئر بیسز، کراچی بندرگاہ اور اسلحے کے ذخائر تباہ ہو چکے ہیں جبکہ ہندوستانی فوج سرحد پار کر کے دارالحکومت اسلام اباد پر قابض ہو چکی ہے۔ صبح کا سورج نکلا تو پتہ چلا کہ پاکستانی میزائل بھارتیوں کے سروں کے اوپر سے پرواز کرتے ہوئے ہندوستانی فوجی اہداف پر گر رہے تھے۔ دوپہر سے پہلے ہی بھارتی سورماں کے ہوش ٹھکانے لگ گئے۔ امریکہ بہادر جس سیز فائر کا ذکر کر رہا ہے وہ اب مودی کی چھیڑ بن چکا ہے۔ بھارت اس ناز میں مبتلا تھا کہ امریکہ اس کا تزویراتی اتحادی ہے یہ تاثر بھی ٹرمپ کی مہربانی سے زائل ہو گیا۔ ٹرمپ بار بار یہ اعلان فرماتے ہیں کہ پاک بھارت سیز فائر ان کی نگاہ ناز کے باعث ہوا۔ مودی سرکار جب اس حقیقت کا انکار کرتی ہے تو کانگرس یہ سوال اٹھاتی ہے کہ آخر سیز فائر قبول کیوں کیا اور اگر یہ دعوی غلط ہے تو تم ٹرمپ کو جھوٹا کیوں نہیں کہتے؟ ابھی یہ خفت ختم نہیں ہوئی تھی کہ ٹرمپ نے ٹیرف بم بھارت پر گرا دیا۔ مودی سرکار کی خفت اور بڑھ گئی۔ بات یہاں پر رکی نہیں ۔مودی سرکار کو یہ زعم تھا کہ بھارت کی معیشت بی جے پی نے مضبوط کی ہے۔ ٹرمپ نے بھارتی معیشت کو مردہ قرار دے کر یہ تاثر بھی ختم کر دیا۔ ٹرمپ نے اپنے بیانات سے مودی سرکار کو ایسے جھٹکے دیے ہیں کہ بی جے پی کے حواس معطل ہو گئے ہیں ۔صورتحال اب یہ ہے کہ پاکستان جیسے ایٹمی طاقت کے حامل حریف کے ساتھ جنگ چھیڑنے کے لیے پاکستان کے بنائے ہوئے چاکلیٹ کے ریپر (غلاف) بھارتی وزیر داخلہ نے پارلیمنٹ میں پیش کئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں