دنیا کی تاریخ گواہ ہے کہ کچھ رشتے محض وقت کے تقاضوں یا وقتی مفادات کے تحت وجود میں نہیں آتے بلکہ ان کی بنیاد ایسی گہری اقدار اور نظریات پر استوار ہوتی ہے جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوتے جاتے ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب کا رشتہ انہی لازوال رشتوں میں سے ایک ہے۔ یہ رشتہ نہ کسی معاہدے کا محتاج ہے اور نہ ہی وقتی ضرورت کا، بلکہ یہ ایک ایسا تعلق ہے جو ایمان، عقیدت، اخلاص اور باہمی اعتماد سے پروان چڑھا ہے۔ پاکستان کے عوام کے دلوں میں سعودی عرب کے لئے جو محبت اور عقیدت ہے وہ کسی اور ملک کے حصے میں نہیں آئی۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ سعودی عرب وہ سرزمین ہے جہاں اللہ کا گھر اور نبی کریم ﷺ کا روضہ مبارک ہے۔ دوسری طرف سعودی عرب کے عوام اور قیادت پاکستان کو اسلامی دنیا کا قلعہ سمجھتے ہیں، ایک ایسا ملک جس نے اپنی قربانیوں، استقلال اور ایٹمی صلاحیت کے ذریعے امت مسلمہ میں ایک منفرد مقام حاصل کیا ہے۔حالیہ دنوں میں ولی عہد محمد بن سلمان کی طرف سے شہباز شریف صاحب کا والہانہ استقبال اور پھر 21توپوں کی سلامی کے ساتھ مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا اورغیر معمولی پروٹوکول دیا گیا۔یہ سب روایتی احترام سے بڑھ کر ہے۔ یہ اس بات کا اعلان ہے کہ سعودی عرب پاکستان کو نہ صرف ایک قریبی اتحادی بلکہ ایک حقیقی بھائی کے طور پر دیکھتا ہے۔ یہ عزت و احترام پاکستانی عوام کے لئے بھی باعثِ فخر ہے۔ان دونوںممالک کے درمیان جو دفاعی معاہدہ طے پایا ہے، وہ صرف ایک رسمی کاغذی کارروائی نہیں بلکہ آنے والے زمانوں کا ایک عظیم سنگ میل ہے۔ یہ معاہدہ اس اصول پر مبنی ہے کہ اگر کسی ایک ملک پر حملہ کیا گیا تو اسے دونوں پر حملہ تصور کیا جائے گا اور مشترکہ جواب دیا جائے گا۔ یہ الفاظ اپنی سادگی میں جتنے چھوٹے لگتے ہیں، ان کا اثر اتنا ہی گہرا اور دور رس ہے۔ یہ پیغام دشمنوں کے لیے ایک انتباہ ہے کہ اب پاکستان اور سعودی عرب ایک دوسرے کے تحفظ کے لیے کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں۔یہ معاہدہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دنیا ایک نئے عالمی نظام کی طرف بڑھ رہی ہے۔
امریکہ اور یورپ کے تعلقات مشرق وسطیٰ سے بدل رہے ہیں، چین اپنی طاقت کے ساتھ دنیا میں نئی صف بندی کر رہا ہے، روس اپنے اثرورسوخ کو بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے، بھارت خطے میں توسیع پسندانہ عزائم کو آگے بڑھا رہا ہے اور اسرائیل مسلسل مشرق وسطیٰ میں عدم استحکام پیدا کرنے میں مصروف ہے۔ ان سب حالات میں پاکستان اور سعودی عرب کا یہ معاہدہ نہ صرف اپنی سلامتی کو یقینی بناتا ہے بلکہ پورے عالم اسلام کو ایک نئی ڈھال فراہم کرتا ہے۔پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کی تاریخ پر نظر ڈالیں تو یہ حقیقت مزید واضح ہوتی ہے کہ یہ رشتہ وقت کی ہر کسوٹی پر پورا اترا ہے۔ لاکھوں پاکستانی آج سعودی عرب میں محنت مزدوری کر رہے ہیں، اپنی محنت کی کمائی سے نہ صرف اپنے گھروں کے چراغ جلا رہے ہیں بلکہ سعودی معیشت کی ترقی میں بھی حصہ ڈال رہے ہیں۔ اب سوال یہ ہے کہ اس دفاعی معاہدے کی اہمیت کیوں بڑھ گئی ہے؟ اس کا جواب خطے کی صورتحال میں پوشیدہ ہے۔ بھارت نے حالیہ برسوں میں اپنے جارحانہ رویے کو مزید بڑھا دیا ہے۔ وہ ایک طرف مقبوضہ کشمیر کے عوام پر ظلم ڈھا رہا ہے اور دوسری طرف خطے میں اپنی عسکری قوت کو بڑھانے کے لیے امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ قریبی تعلقات قائم کر رہا ہے۔ اسرائیل کی بات کریں تو وہ مشرق وسطیٰ میں اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے ہر حد پار کر رہا ہے۔ اس نے فلسطین کے عوام کو کچلنے کے لیے تمام حربے استعمال کیے اور عرب دنیا کو تقسیم کرنے کی کوشش کی۔ ایسے میں پاکستان اور سعودی عرب کا دفاعی معاہدہ ایک واضح پیغام ہے کہ اگر کسی نے بھی ان ممالک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو اسے ایک متحد طاقت کا سامنا کرنا پڑے گا۔پاکستان کے پاس دنیا کی بہترین فوج ہے، جس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی قربانیوں سے دنیا کو حیران کیا۔ اس فوج کے پاس نہ صرف ایٹمی ہتھیار ہیں بلکہ جنگی حکمت عملی اور میدانِ جنگ میں ناقابلِ تسخیر عزم بھی ہے۔
سعودی عرب کے پاس دنیا کا جدید ترین عسکری سازوسامان ہے، جسے جدید ٹیکنالوجی اور وسائل کی مدد حاصل ہے۔ جب یہ دونوں طاقتیں ایک دوسرے کے ساتھ جڑ جاتی ہیں تو دشمن کے لیے یہ خواب بن جاتا ہے کہ وہ ان پر حملہ آور ہو سکے۔ یہ معاہدہ صرف عسکری تعاون تک محدود نہیں رہے گا بلکہ اس کے ذریعے مشترکہ فوجی مشقیں، عسکری تربیت، انٹیلی جنس شیئرنگ اور جدید ٹیکنالوجی کے تبادلے کو بھی فروغ ملے گا۔دفاعی معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کو مزید مضبوط کرے گا اور یہی اعتماد مستقبل میں بڑے معاشی منصوبوں کی کامیابی کی ضمانت ہوگا۔سعودی عرب کے عوام کے لیے بھی یہ معاہدہ یقین دہانی ہے کہ ان کی سلامتی کو اب پاکستان جیسے ایٹمی ملک کا سہارا بھی حاصل ہے۔اس معاہدے کا ایک اور پہلو امت مسلمہ کے اتحاد سے جڑا ہوا ہے۔ جب دنیا کے دو بڑے اسلامی ممالک اپنے دفاع کو ایک دوسرے سے جوڑ لیتے ہیں تو باقی مسلم ممالک کے لیے بھی یہ ایک مثال بن جاتے ہیں۔ یہ اتحاد اس پیغام کو مزید تقویت دیتا ہے کہ امت مسلمہ اب مزید تقسیم ہونے کے بجائے اتحاد کی طرف بڑھ رہی ہے۔ اگر یہ اتحاد مضبوط بنیادوں پر کھڑا ہو جائے تو فلسطین، کشمیر، شام اور یمن جیسے مسائل کا حل بھی آسان ہو سکتا ہے، کیونکہ ایک متحد مسلم دنیا کو کوئی طاقت نظرانداز نہیں کر سکتی۔یہ معاہدہ دراصل دشمنانِ اسلام کے لیے ایک پیغام ہے کہ اب کعبہ بھی محفوظ ہے اور مینارِ پاکستان بھی۔ اب یہ دونوں تنہا نہیں بلکہ ایک دوسرے کے محافظ ہیں۔ یہ وہ لمحہ ہے جس کا خواب امت مسلمہ نے برسوں سے دیکھا تھا کہ کوئی طاقت ہمیں تقسیم نہ کر سکے بلکہ ہم ایک دوسرے کے ساتھ مل کر اپنے دفاع کو یقینی بنا سکیں۔آخر میں یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ پاک سعودی معاہدہ تاریخ کا وہ روشن باب ہے جسے آنے والی نسلیں فخر کے ساتھ یاد کریں گی۔ یہ محض الفاظ کا کھیل نہیں بلکہ ایک عملی عزم ہے، ایک وعدہ ہے، ایک حوصلہ ہے۔ یہ وہ دن ہے جب پاکستان اور سعودی عرب نے دنیا کو بتا دیا کہ ہم ایک دوسرے کے لیے ڈھال ہیں، ہم ایک دوسرے کی سلامتی کے محافظ ہیں اور ہم ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔ یہی اتحاد ہماری طاقت ہے، یہی ہمارا مستقبل ہے اور یہی وہ روشنی ہے جو ہمیں ایک نئے دور کی طرف لے جا رہی ہے۔