(گزشتہ سے پیوستہ)
اژدہا نے عقاب کوشکست نہیں دی،بس اس کے آسمان کی وسعت کوناپ لیا۔یہ زوال نہیں،ادب کے ساتھ مقام کی تبدیلی ہے۔جیسے سورج مغرب میں نہیں ڈوبتابلکہ مشرق میں دوبارہ طلوع ہوتا ہے۔دنیاکانقشہ اب نہیں بدلے گا، مگراس کے معنی بدل گئے ہیں۔طاقت کا مرکز وہاں جاپہنچاہے جہاں صبرعبادت اورخاموشی تدبیرسمجھی جاتی ہے اورشایدیہی تاریخ کاانصاف ہے کہ جب شورتھم جائے،تب خاموشی بولتی ہے، جب عقاب تھک جائے،تب اژدہاابھرتاہے اور جب دنیاتھک کررک جائے،تب مشرق چلنا شروع کرتاہے ۔
تاریخ کی عظمت اسی میں ہے کہ وہ مستقبل کافیصلہ ایک دن یاایک جنگ میں نہیں لکھتی بلکہ وقت کے صبر،تہذیب کے وقاراوراقوام کے کردارسے اخذکرتی ہے۔تاریخ ہمیشہ ان لمحوں پربھی فیصلہ نہیں لکھتی جن میں گرج سنائی دے؛وہ ان سانسوں میں لکھتی ہے جو اقوام کے مزاج کوبدل دیتی ہیں۔امریکااورچین کی یہ آویزش بھی ویسی ہی ایک خاموش تبدیلی تھی جیسے کبھی اباسینیہ کے دربارمیں نجاشی کے فیصلے نے عرب وعجم کے توازن بدل دیے تھے،یاجیسے خلافتِ عثمانیہ کے زوال نے یورپی طاقتوں کی سمت بدل دی تھی۔چین اورامریکاکی یہ مخاصمت بھی کسی میدان جنگ میں نہیں جیتی یاہاری گئی؛یہ وہ مقابلہ تھاجونظریات سے نہیں،رویوں سے طے ہوا۔یہاں بھی فیصلہ بارودنے نہیں،بصیرت نے کیا۔ امریکاکی گرجتے ہوئے لہجے اورچین کی خاموش مگرمضبوط سفارت نے دنیا کویہ احساس دلایاکہ طاقت اب توپوں کے دھویں میں نہیں،عالمی رسدکے بہامیں،خاموش فیصلوں میں،اورصنعتی تسلسل میں پوشیدہ ہے۔
امریکاکی سیاسی خطابت کی گونج کے مقابل چین کی تہذیبی خاموشی نے وہی منظرپیش کیا جوکبھی چنگیزخان نے بھی محسوس کیاتھا کہ ہرخطہ تلوارسے نہیں جیتاجاسکتابعض خطے صبرسے مسخرہوتے ہیں۔ٹرمپ اس ملاقات سے کوئی فاتح یاسیزربن کرنہیں لوٹا؛وہ ایک ایسے ناظر اور مسافرکی طرح پلٹاجس نے پہلی بارجاناہوکہ مشرق کی تاریخ تخت وتاج سے نہیں، کرداروتدبیرسے بنتی ہے۔تہذیبی وزن،صبرکی قوت اورخاموشی کی حکمت کوپہلی بارسمجھ کر۔یہ وہی کیفیت تھی جوکبھی رومن سفیروں پربیتتی تھی جب وہ مشرق کے درباروں میں کھڑے ہوکرمحسوس کرتے تھے کہ یہاں طاقت تلوار سے نہیں،وقت سے ماپی جاتی ہے۔اوروقت ہمیشہ ان کے ساتھ ہوتاہے جواس کے ساتھ سفرکرناجانتے ہیں۔
چین نے نہ توگرج کرجواب دیا،نہ دنیاکودھمکیوں کے شورمیں لپیٹا۔اس نے اپنے اصولوں،اپنی قدیم روایت،اپنے صنعتی عروج اوراپنی اقتصادی حکمت کے بل پردنیاکے میدان کوخاموشی سے بدل دیا۔یہ وہی سکوت ہے جوزمانہ جیت لیتاہے؛وہی ٹھہراجوسلطنتوں کی بنیاد ہلاتا ہے۔ چین نے اس روایت کودہرایاجوکبھی سلجوقی دانشوروں نے کہی تھی:طاقت اس کی نہیں جوللکارے،اس کی ہے جسے للکارنے کی ضرورت نہ ہو۔
امریکاآج بھی آزادی،جمہوریت اورقیادت کے نغمے دہرارہاہے مگردنیاکے کان اب اس موسیقی کے آہنگ سے مانوس نہیں رہے۔اب نظریات نہیں، نتائج دیکھے جاتے ہیں۔ اب عالمی سیاست کارخ نعرے نہیں بدلتے،رسدکے راستے بدلتے ہیں۔امریکاکے قیادت اور آزادی کے ترانے اب ویسے ہی لگتے ہیں جیسے زوال پذیرسلطنتیں اپنے آخری دنوں میں اپناماضی دہراتی رہتی ہیں۔دنیااب ولسن کے اصول نہیں پڑھتی؛وہ بیجنگ کی بندرگاہوں سے اٹھنے والے کنٹینروں کودیکھتی ہے۔بیلٹ اینڈروڈمحض ایک معاشی منصوبہ نہیں رہایہ ویساہی تاریخی لمحہ بن چکاہے جیساکبھی شاہراہ ریشم تھی جس نے قرونِ وسطی کی دنیاکارخ بدل دیاتھا۔
عقاب کی پروازاب بھی بلندہے مگراس کے سامنے ابھرتے سورج کی روشنی تیزہوچکی ہے۔ڈریگن نے عقاب کوشکست نہیں دی؛اس نے محض آسمان کانقشہ بدل دیاہے۔یہ تبدیلی اتنی خاموش تھی کہ دنیانے پہلے اسے محسوس کیا اور بعد میں سمجھا۔طاقت کامرکزاب شور سے نہیں بدلتا؛ٹھہراسے،تدبیرسے،اوراس صبرسے بدلتا ہے جوتہذیبوں کے اندردھڑکتا ہے ۔
یہ داستان شکست کی نہیں بلکہ شعورکے بیدارہونے کی ہے۔یہ وہ لمحہ ہے جب تاریخ نے اپنی تلوارنیام میں رکھ کرقلم اٹھایا،اورجنگ کے ڈھول خاموش ہوکرحکمت کی آہٹ سننے لگے۔ آج مشرق کی صدیوں پرانی خاموشی ایک نئے دورکی آوازبن رہی ہے،اورمغرب اپنی تھکی ہوئی گونج کوسنوارنے میں مصروف ہے۔
دنیاکانقشہ شاید نہ بدلے لیکن اس کے معنی بدل چکے ہیں۔اب سلطنتیں بارودسے نہیں،دانائی سے بنتی ہیں؛اب فیصلہ ان کاہوتاہے جن کے پاس صبرکی دولت اوروسائل کی کنجی ہو۔ یہ دور شورکانہیں،شعورکاہے۔اورجب وقت کاپلڑابدل جاتاہے توتلواریں نہیں،خاموشیاں تاریخ لکھتی ہیں۔
یہ کہانی زوال کی نہیں،ادراک کی ہے۔مشرق نے بغیرتلواراٹھائے دنیاکامرکزبدل دیا ،اورمغرب نے بغیرشکست کھائے اپنامقام تبدیل ہوتے دیکھا۔اب سلطنتیں خنجرسے نہیں، حکمت سے بنتی ہیں۔اورجب وقت کے پنڈولم کی سمت بدلتی ہے تونہ فتوحات شورکرتی ہیں نہ زوال؛بس خاموشی سے پردے کھلتے جاتے ہیں۔
چین نے دنیاکویہ سبق دیاہے کہ طاقت اس کی نہیں جوچیخے؛ اس کی ہوتی ہے جو سنبھل کر، سوچ کر، اور صبر سے آگے بڑھے۔ اور امریکا؟ وہ اب بھی اپنے قدیم نعروں کی مالاجپنے اور نغموں کی گونج تیزکرنے کی کوشش میں ہے، مگر صدیوں کی دانش اب نعرے نہیں سنتی ،صرف نتائج دیکھتی ہے۔تاریخ اب نغمے نہیں سنتی صرف نتائج پڑھتی ہے۔
اژدہاابھرانہیں،جاگاہے۔عقاب گرانہیں،تھکاہے۔اژدہانے عقاب کوشکست نہیں دی؛اس نے صرف یہ بتادیاکہ آسمان کس کے اوپرکھلاہے۔ اوروقت؟وہ پھرمشرق کی سمت بہہ رہاہے،جیسے بہاؤہمیشہ وہیں جاتاہے جہاں سکوت میں صدیوں کی حکمت بسی ہواورتاریخ نے فیصلہ نہیں سنایااک اشارہ کیاہے کہ عصرِنواب اس سمت جارہاہے جہاں شورتھم چکا ہے،اورخاموشی بول رہی ہے۔چین کاسکوت، وہی سکوت ہے جوسن تزونے آرٹ آف وارمیں طاقت کی اصل تعریف بتاتے ہوئے لکھاتھا:اصل فتح وہ ہے جوجنگ کے بغیر حاصل ہو۔آج دنیااسی اصول کے تحت بدل رہی ہے۔عقاب کی پروازکم نہیں ہوئی،مگراس کے نیچے سے آسمان کی وسعت بدل گئی ہے۔ اژدہا حملہ آورنہیں ہوا؛وہ صرف بیدار ہوا ہے۔ اوربیداری کاخوف ہمیشہ حملے سے زیادہ گہرا ہوتاہے۔