اسلام سے پہلے عرب معاشرہ گہری تاریکی اور جہالت کی لپیٹ میں تھاجہاں قبائلی نظام کی بنیاد پرطاقتورافراد اپنی برتری قائم رکھتے تھے اورکمزوراورمظلوم افراد کو کوئی حقوق حاصل نہ تھے۔ عورتیں نہ صرف معاشرتی سطح پرحقیر سمجھی جاتی تھیں بلکہ ان کی زندگی بھی محض خاندان یاقبیلےکی عزت کےلیےایک زرخریدچیزکےطورپردیکھی جاتی تھی اوربچے بھی کسی مخصوص رعایت یاتربیت کےبغیرمحض پیدائش کے لیےاہمیت رکھتے تھے۔معیشت کا نظام غیرمنصفانہ اورطاقتوروں کےمفاد کےلیےترتیب دیاگیا تھا۔عدل و انصاف کی کوئی ٹھوس بنیاد نہ تھی، اسی اجتماعی اور فردی بحران کے درمیان اللہ تعالیٰ نے اپنے آخری نبی حضرت محمد ﷺ کو مسلمانوں کے لئے عظیم رہنمابنا کربھیجا تاکہ انسانیت کے لیے حقیقی رہنمائی فراہم کی جا سکے۔ظلم وجبرکو ختم کیا جا سکے اورایک ایسا معاشرتی، اخلاقی اور روحانی نظام قائم ہوجوفرداورمعاشرہ دونوں کی فلاح کا ضامن ہو۔ آپ ﷺ کی سیرت مطہرہ میں عورتوں اوربچوں کے حقوق، عدل و انصاف، عبادات اور اخلاقیات کے بے شمار پہلو واضح ہیں، مثال کے طور پر عورتوں کو تعلیم، مالی خودمختاری،عزت ووقار، وراثت کے حقوق اورفیصلہ سازی میں حصہ دینا آپ ﷺ کی تعلیمات کا بنیادی حصہ تھا۔ بچوں کے لیے محبت، تعلیم وتربیت ، ان کی شخصی اور فکری نشوونما یقینی بنانا بھی اسی تعلیم کا حصہ تھا، عبادات میں نظم و ضبط، دل کی پاکیزگی اور روحانی ارتقاء کے اصول، معاشرے میں عدل و انصاف، محتاجوں اور غریبوں کے ساتھ ہمدردی اور اخوت و بھائی چارہ کی بنیاد رکھنا، سب آپ ﷺ کی سیرت کا حصہ ہیں، ان تمام پہلوؤں میں سے اگر ہم عورتوں کےحقوق کو خاص طور پر دیکھیں تو معلوم ہوتا ہےکہ آپ ﷺ نے اپنے زمانے میں خواتین کو نہ صرف عزت و احترام دیا بلکہ انہیں معاشرتی، اقتصادی اور ذہنی آزادی کے بنیادی حقوق بھی دلائے۔عورت کو محض خاندان یا قبیلے کی زینت کے طور پر نہیں بلکہ ایک برابر انسان تسلیم کیا۔ان کے مسائل کو سنجیدگی سے سنا اور پھر حل بھی پیش کیا، معاشرتی تعلقات میں ان کا فعال کردار یقینی بنایا، خواتین کو تعلیم، مذہبی فہم، مالی خودمختاری اور معاشرتی فیصلہ سازی میں حصہ دلوانا آپ ﷺ کی سیرت کی اہم تعلیمات ہیں۔ آج کے معاشرے میں بھی یہ تعلیمات اتنی ہی اہم ہیں لیکن ہمارے معاشرتی ڈھانچے میں خواتین کو اکثر مختلف شعبوں میں محدود کردیاجاتا ہے، ان کی رائے کو نظرانداز کیا جاتا ہے، تعلیم اور کام کے مواقع کم دستیاب ہوتے ہیں اور بعض اوقات تحفظ کے مسائل بھی موجود ہوتے ہیں۔ آج بھی بہت سے بچے مناسب تربیت، تعلیم، اور محبت کے فقدان میں بڑے ہو رہے ہیں، ایسے حالات میں رسول اللہ ﷺ کی سیرت کے مطابق بچوں کی فکری، اخلاقی اور جسمانی نشوونما پر توجہ دینا، ان کے حقوق کا تحفظ اور تعلیم و تربیت کو یقینی بنانا معاشرے میں مثبت تبدیلی کا باعث ہوگا، عدل و انصاف کے پہلو پر آئیں تو آج بھی بدعنوانی اورطاقتور و کمزور کے درمیان تفریق اور معاشرتی مسائل کا باعث ہیں۔اگر ہم عدل و انصاف کو اپنائیں جیسا کہ رسول ﷺ نے سکھایا تو معاشرتی عدم مساوات، ظلم و جبراورطبقاتی اختلافات کم ہوں گے۔عبادات کے پہلو میں نظم و ضبط، ایمانی پاکیزگی اور روحانی شعور پیدا کرنے سے فرد کی اخلاقی بہتری کے ساتھ ساتھ معاشرتی ہم آہنگی بھی بڑھتی ہے۔ رسول ﷺ کی سیرت ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ معاشرتی ترقی اور فرد کی فلاح کے لیے صرف دنیاوی اصول کافی نہیں، بلکہ روحانی اور اخلاقی اصولوں پر عمل کرنا بھی ضروری ہے۔ موجودہ دور میں جب معاشرہ تیز رفتار ترقی اور جدیدیت کی دوڑ میں مشغول ہے وہاں سیرت النبی ﷺ کی تعلیمات ہمیں ایک جامع رہنمائی فراہم کر سکتی ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم نہ صرف حقوق النساء اور حقوق الاطفال بلکہ عدل، عبادات، اخلاق، اخوت، صبر و تحمل، غربت و فقر کے خاتمے اور معاشرتی تعلقات میں شفقت و ہمدردی کے اصولوں کو اپنی زندگیوں میں نافذ کریں۔ اس طرح معاشرہ ظلم و جبرسے پاک، تعلیم یافتہ، بااخلاق اور منظم بنے گا۔ خواتین اور بچوں کے حقوق کی پاسداری سے خاندانی نظام مضبوط ہوگا۔ عدل و انصاف سے قانون کی بالادستی قائم ہوگی۔عبادات اور اخلاقیات کے مطابق زندگی گزارنے سے فرد کی روحانی اور اخلاقی ترقی ہوگی اور اگر ہم واقعی سیرت النبی ﷺ کی تعلیمات کو اپنی زندگیوں میں نافذ کریں تو ہمارا معاشرہ نہ صرف داخلی ہم آہنگی اور اخلاقی اقدار کے لحاظ سے بہتر ہوگا بلکہ ترقی،خوشحالی اورامن وسکون میں بھی نمایاں بہتری دیکھنے کو ملے گی۔اس لیے ہر مسلمان پر لازم ہے کہ وہ نبی اکرم ﷺ کی سیرت کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائے، اس پر عمل کرے اور اپنے گردونواح کے لوگوں کو بھی اس پر عمل کی ترغیب دے تاکہ آنے والی نسلیں ایک ایسا معاشرہ دیکھ سکیں جو امن، عدل، محبت اور ترقی کی مثال بنے۔ سیرت النبی ﷺ کو صرف یاد نہ رکھیں بلکہ اسے اپنی زندگیوں میں عملی طور پر نافذ کریں، کیونکہ حقیقی تبدیلی اور فلاح و بہبود اسی سے حاصل ہوگی جو فرد اور معاشرے دونوں کی اصلاح کا ذریعہ بنے اور یہی وہ راستہ ہے جس پر چل کر ہم نہ صرف اپنی دنیاوی زندگی کو بہتر بناسکتے ہیں بلکہ آخرت میں بھی کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔اس لیے ضروری ہے کہ ہم سیرت النبی ﷺ کے اصولوں کو سمجھیں، انہیں اپنائیں اور اپنی زندگی اس کے مطابق ڈھالیں تاکہ معاشرہ ظلم و جبر، جہالت اور اخلاقی پستی سے پاک ہو، خواتین اور بچوں کے حقوق کی پاسداری ہو،عدل و انصاف قائم ہو، اخلاقیات، عبادات اور روحانیت کے اصول مضبوط ہوں اور یہی سیرت النبی ﷺ کی حقیقی روح ہے جس پر عمل کر کے ہم اپنے معاشرے کو روشن، منظم اور بااخلاق بنا سکتے ہیں۔
