سونا انسانی تاریخ میں محض ایک دھات نہیں بلکہ احترام، وقار اور نفسیاتی تحفظ کی ایسی علامت رہا ہے جس کا مقابلہ بہت کم چیزیں کر سکتی ہیں۔ تہذیب کے ابتدائی آثار سے ہی انسان اس کی چمک، دائمی پاکیزگی اور بے زوال حیثیت کی طرف کھنچا چلا آیا ہے۔ دیگر دھاتوں کے برعکس، جنہیں کارآمد بنانے کےلیے آگ، مہارت اور محنت درکار ہوتی تھی، سونا فطرت میں ایک تیاراورمانوس صورت میں موجود تھا،دریاؤں کی تہوں میں پڑی ہوئی چمکتی ڈلیاں،جن پر نہ زنگ کا اثر ہوتا تھا اور نہ وقت کا۔ شاید یہی وجہ ہے کہ سونا انسان کے لیے پہچانی جانے والی پہلی دھات بنا اور دولت، دوام اور آرزو کی اولین علامت ٹھہرا۔
آثارِ قدیمہ اس حقیقت کی تصدیق کرتے ہیں کہ انسان نے بہت ابتدائی دور ہی میں سونے کو محض جمع نہیں کیا بلکہ اسے زیورات، علامتی اشیااوروقار کی نشانیوں میں ڈھالا۔ موجودہ بلغاریہ میں واقع وارنا کے قبرستان سے ملنےوالی ساڑھےچھ ہزارسال پرانی دریافتیں ظاہرکرتی ہیں کہ قدیم معاشرے بھی سونےکو غیرمعمولی نفاست کے ساتھ استعمال کر رہےتھے۔ موتی،کنگن اور رسمی آرائش کے یہ نمونے اس بات کا اظہار ہیں کہ سونا محض حسن نہیں بلکہ اختیار، تقدس اور سماجی مرتبے سے وابستہ تھا۔ بعد ازاں قدیم مصر نے اسے الوہی رنگ دیا، جبکہ میسوپوٹیمیا، وادی سندھ، چین اور بحیرہ روم کی تہذیبوں میں یہ عبادات، تجارت اور نظامِ حکومت کا حصہ بنا۔ جب تقریباً 600 قبل مسیح میں لیدیا میں سونے کے سکے رائج ہوئے تو سونا زیور کی حد سے نکل کر معیشت کی بنیاد بن گیا۔
برصغیر کے معاشروں میں سونے نے ایک منفرد اور گہری سماجی معنویت اختیار کی۔ یہاں یہ خاص طور شادی کے موقعہ پر بیٹی کے مستقبل سے جڑ گیا۔ والدین کے لیے بیٹی کو زیور دینا محض ایک رسم نہیں بلکہ محبت، ذمہ داری اور تحفظ کی علامت سمجھا گیا۔ چوڑیاں اور ہار محض زیبائش نہیں تھے بلکہ ایک خاموش سرمایہ تھے جو مشکل وقت میں سہارا بن سکتے تھے اور بیٹی کے وقار سے وابستہ تھے۔ یہ روایت صدیوں تک متوسط اور کم آمدنی والے خاندانوں میں بھی برقرار رہی،جو صبر و محنت سے بچت کر کے اس سماجی فریضے کو ادا کرتے تھے۔تاہم، موجودہ دور میں سونے کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے نے اس روایت کو شدید دباؤ میں ڈال دیا ہے۔ آج صورتحال یہ ہے کہ معمولی زیورات بھی لاکھوں روپے کی حد عبور کرچکے ہیں، جس کے باعث بہت سے خاندانوں کے لیے بیٹی کی شادی ایک کٹھن مسئلہ بن گئی ہے۔ ایسے گھرانے بڑھتےجارہے ہیں جہاں رشتے آتے ہیں مگر سونے کی استطاعت آڑے آ جاتی ہے۔ بعض اوقات مطالبہ کھلے الفاظ میں نہیں بھی ہوتا، مگر ایک غیر محسوس سماجی دباؤ موجودرہتاہے، جو والدین کو احساسِ کمتری اور ذہنی اذیت میں مبتلا کر دیتا ہے۔کم آمدنی والے طبقے میں یہ مسئلہ ایک خاموش المیے کی صورت اختیار کر چکا ہے۔ کئی والدین قرض لینے، جمع پونجی یا جائیداد بیچنے پر مجبور ہو جاتے ہیں، جبکہ بعض بیٹیوں کی شادی غیر معینہ مدت تک مؤخر کر دیتے ہیں۔ اس تاخیر کے نفسیاتی اثرات گہرے ہوتے ہیں، بیٹیاں خود کو بوجھ سمجھنے لگتی ہیں، والدین احساسِ ناکامی کا شکار ہو جاتے ہیں، اور پورا خاندان ایک مستقل اضطراب میں مبتلا رہتا ہے۔ یہ وہ درد ہے جو اعداد و شمار میں نظر نہیں آتا، مگر معاشرے کے اندر خاموشی سے پھیلتا چلا جاتا ہے۔ڈیجیٹل دور نے اس مسئلے کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر دکھائی جانے والی پرتعیش شادیاں اور بھاری زیورات نے نجی خوشیوں کو عوامی نمائش میں بدل دیا ہے۔ یہ مناظر اُن خاندانوں کے لیے تکلیف دہ ہو جاتے ہیں جو بنیادی ضروریات پوری کرنے کے بعد سونے کےبارے میں سوچ بھی نہیں سکتے۔ یوں خوشی کے مواقع بعض کے لیے مسرت کے بجائے محرومی اور بے بسی کا احساس بن جاتے ہیں۔
سونے کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ محض مقامی مسئلہ نہیں بلکہ عالمی معاشی بے یقینی کی علامت بھی ہے۔جب دنیاجنگوں،سیاسی عدم استحکام،مہنگائی اور مالی بحرانوں کا شکارہوتی ہے تو سرمایہ سونےکی طرف منتقل ہوتاہے۔ جنوری 2026 ء میں سونے کا تاریخی سطح تک پہنچنا اسی عالمی بےچینی کا مظہر تھا۔ سونا، کاغذی کرنسی یا سرکاری بانڈز کےبرعکس،کسی ادارے کےوعدے کامحتاج نہیں، اس کی قدر صدیوں کے اجتماعی اعتماد پر قائم ہے۔ جو چیز عالمی سرمایہ کار کے لیے تحفظ کا ذریعہ بنتی ہے، وہی عام آدمی کے لیے ناقابلِ برداشت بوجھ بن جاتی ہے۔
جدید مثالیں بھی اسی رجحان کی توثیق کرتی ہیں۔ 1970ء کی دہائی کے تیل کے بحران اور جغرافیائی سیاسی ہنگاموں سے لےکرمشرقِ وسطیٰ اور مشرقی یورپ کے حالیہ تنازعات تک، بحران کے ہر دور میں سونے کی قیمت میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ جنگیں تجارتی راستوں کو متاثر کرتی ہیں، توانائی کی قیمتیں بڑھاتی ہیں اورحکومتوں کو زیادہ اخراجات پر مجبور کرتی ہیں، جس کا بوجھ اکثر کرنسی کے استحکام پر پڑتا ہے۔ ایسے حالات میں سونا مہنگائی اورقدر میں کمی کے خلاف ڈھال بن کر ابھرتا ہے۔ موجودہ دور میں اس کردار کو مرکزی بینکوں کی جانب سے ذخائر میں تنوع کے لیے بڑے پیمانے پرخریداری اور شرحِ سود میں کمی کی توقعات مزید مضبوط کرتی ہیں، کیونکہ اس سے سونے جیسے غیر منافع بخش اثاثوں کو رکھنے کی لاگت کم ہو جاتی ہے۔یوں سونا آج ایک متضاد حقیقت کے طور پر ہمارے سامنے ہے۔ یہ اب بھی حسن،تحفظ اور تاریخی تسلسل کی علامت ہے مگر اس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے شادیوں کو مہنگا،روایات کو مشکل اور سماجی فرق کو نمایاں کر دیا ہے۔ ایسے میں وقت کا تقاضا ہے کہ ہم سونے کی اصل قدر کو دوبارہ سمجھیں اسے محبت اور ذمہ داری کی علامت تو رہنے دیں مگر اسے بیٹیوں کی شادی میں رکاوٹ، تاخیر اور محرومی کا سبب نہ بننے دیں۔
