برطانوی پارلیمنٹ کےایوانِ بالاہائوس آف لارڈزمیں25 فروری 2026ء کو سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان کی قید،انسانی حقوق کی صورتحال اور پاکستان میں جمہوری عمل کے حوالے سے ایک اہم بحث منعقد ہوئی۔ اس بحث نے نہ صرف برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی بلکہ عالمی سفارتی حلقوں کی بھی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی۔
بحث کا آغاز اس سوال سے ہواکہ آیا برطانوی حکومت نےعمران خان کی صحت، قانونی سہولیات اورخاندان سےملاقات کےمعاملات پرپاکستانی حکام کےساتھ کوئی باضابطہ سفارتی رابطہ کیاہے یا نہیں۔ مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے لارڈز نے اس معاملے کو محض ایک فرد کا مسئلہ قرار دینے کے بجائے پاکستان میں جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کی مجموعی صورتحال سے جوڑ کر دیکھا۔
متعدد لارڈز نے تشویش ظاہر کی کہ عمران خان کو مبینہ طور پر وکلا، ڈاکٹروں اور خاندان تک مکمل رسائی حاصل نہیں۔ بعض اراکین نے کہا کہ اگر سیاسی رہنمائوں کے ساتھ قانونی اور انسانی تقاضوں کے مطابق سلوک نہ کیا جائے تو اس سے پاکستان کے جمہوری تشخص پر منفی اثر پڑ سکتا ہے۔ کنزرویٹو اور لبرل ڈیموکریٹ ارکان نے خاص طور پر اس بات پر زور دیا کہ برطانیہ کو پاکستان کے ساتھ تعلقات میں انسانی حقوق کو ایک بنیادی عنصر کے طور پر شامل کرنا چاہیے۔
بحث کے دوران یہ نکتہ بھی اٹھایا گیا کہ عمران خان کے بیٹے برطانوی شہری ہیں، اس لیے برطانوی حکومت کو کم از کم انسانی بنیادوں پر خاندان کی ملاقات میں سہولت فراہم کرنے کے لیے سفارتی کردار ادا کرنا چاہیے۔ بعض لارڈز نے یہاں تک تجویز دی کہ اگر صورتحال بہتر نہ ہوئی تو برطانیہ کو پاکستان کے ساتھ امدادی پروگراموں اور تعاون کے طریقہ کار پر نظرثانی کرنی چاہیے۔
پاکستان کی سیاسی تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے کچھ اراکین نے کہا کہ سابق وزرائے اعظم کی گرفتاریوں اور سیاسی عدم استحکام نے ماضی میں بھی ملک کو نقصان پہنچایا ہے اس لیے موجودہ صورتحال کو عالمی تناظر میں سنجیدگی سے دیکھنا ضروری ہے۔ آزاد اور شفاف انتخابات کے حوالے سے بھی سوالات اٹھائے گئے اور اس بات پر زور دیا گیا کہ سیاسی عمل میں تمام جماعتوں کی مساوی شرکت جمہوری استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔
بحث کے جواب میں برطانوی حکومت کی نمائندگی کرتے ہوئے وزیر برائے خارجہ امور نے واضح کیا کہ عمران خان پاکستانی شہری ہیں اور برطانیہ پاکستان کے عدالتی معاملات میں براہ راست مداخلت نہیں کر سکتا۔ تاہم انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ برطانیہ انسانی حقوق، منصفانہ قانونی عمل اور قیدیوں کو مناسب طبی سہولیات کی فراہمی کے معاملات پاکستان کے ساتھ سفارتی سطح پر اٹھاتا رہا ہے۔
وزیر نے یہ بھی کہا کہ برطانیہ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات جاری رکھتے ہوئے جمہوری اقدار، قانون کی حکمرانی اور سیاسی آزادیوں کی حمایت کرتا رہے گا لیکن کسی فردِ واحد کے مقدمے پر پالیسی فیصلے کرنا ممکن نہیں۔
یہ بحث اس امر کی عکاسی کرتی ہے کہ عمران خان کا معاملہ اب صرف پاکستان کی داخلی سیاست تک محدود نہیں رہا بلکہ بین الاقوامی سفارتی اور پارلیمانی حلقوں میں بھی زیرِ بحث آ چکا ہے۔ ہائوس آف لارڈز کی یہ گفتگو دراصل پاکستان میں جمہوریت، انسانی حقوق اور سیاسی استحکام کے مستقبل پر عالمی تشویش کی ایک جھلک پیش کرتی ہے۔
برطانوی پارلیمنٹ میں اس بحث کے بعد میڈیا میں شائع ہونے والی رپورٹ نے واضح کیا ہے کہ برطانیہ کی پارلیمنٹ میں ہونے والی بحث معمول کی سفارتی سرگرمی بالکل نہیں بلکہ ایک اہم پیش رفت ہے۔ جب برطانوی پارلیمنٹ میں کسی دوسرے ملک کے سابق وزیر اعظم کی صحت، قانونی حقوق اور جیل کی صورتحال پر باضابطہ گفتگو ہو تو اس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ معاملہ اب داخلی سیاست کی حدود سے نکل کر بین الاقوامی سطح پر زیرِ بحث آچکا ہے۔ یہ پیش رفت اس اعتبار سے اہم ہے کہ اس نے عمران خان کے معاملے کو انسانی حقوق اور جمہوری اقدار کے تناظر میں عالمی توجہ کا حصہ بنا دیا ہے۔
عمران خان کے لیے اس بحث کا فوری نتیجہ قانونی رہائی کی صورت میں نکلنا ممکن تو نہیں کیونکہ ان کے مقدمات اور فیصلے پاکستان کے عدالتی نظام کے دائرہ اختیار میں ہیں تاہم اس پیش رفت سے ان کی جیل میں صحت، طبی سہولتوں اور قانونی مشاورت تک رسائی جیسے معاملات پر عالمی نگرانی اور دبائو ضرور بڑھے گی۔ جب کسی قیدی کے حالات بین الاقوامی فورمز پر زیرِ بحث آتے ہیں تو متعلقہ حکام یا اس ملک کے حکمران عموما زیادہ محتاط طرزِ عمل اختیار کرتے ہیں تاکہ عالمی سطح پر انکے خلاف تنقید یا دبائو میں اضافہ نہ ہو۔
اس بحث کے نتیجے میں پاکستانی اتھارٹیز پر سفارتی اور اخلاقی دبائو میں اضافہ پہلے سے زیادہ متوقع ہے خاص طور پر اگر انسانی حقوق کے معاملات کو برطانیہ اور پاکستان کے باہمی تعلقات، امداد یا تجارتی روابط کے تناظر میں دیکھا جانے لگے تو یہ دبائو مزید نمایاں ہو سکتا ہے۔ اگرچہ یہ دبائو قانونی نوعیت کا نہیں ہوگا مگر بین الاقوامی ساکھ اور سفارتی تعلقات کے حوالے سے اس کی اہمیت کم نہیں ہوتی۔ عالمی سطح پر کسی بھی ملک کی شبیہ اور انسانی حقوق کا ریکارڈ خارجہ پالیسی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
ہائوس آف لارڈز میں اس ڈیبیٹ کے بعد اس بات کا امکان بڑھ گیا ہے۔ برطانوی اراکین پارلیمنٹ اس معاملے کو مسلسل اٹھاتے رہیں گے سوالات جمع کرواتے رہیں گے اور انسانی حقوق کی کمیٹیاں اسے اپنے ایجنڈے کا حصہ بنائیں گئیں تو پھر ہائوس آف کامننز میں بھی سوال و جواب یا مختصر بحث ہو سکتی ہے البتہ مکمل اور طویل ڈیبیٹ کا انحصار سیاسی ترجیحات اور پارلیمانی شیڈول پر ہوگا لیکن موجودہ صورتحال یہ ظاہر کرتی ہے کہ معاملہ اب برطانوی سیاسی حلقوں کی توجہ میں آچکا ہے اگر ہائوس آف کامننز میں بحث ہوتی ہے تو ممبران آف پارلیمنٹ کا رویہ زیادہ سخت ہوسکتا ہے چونکہ وہ عوام کی براہ راست ووٹوں سے منتخب ہوتے ہیں اور تقریباً 18لاکھ پاکستانی ووٹرز بعض حلقوں میں انتخابات پر اثر انداز ہوتے ہیں اس صورت میں پہلے ہی عمران خان کے حوالے سے اپنے اپنے حلقوں کے ووٹروں کی جانب سے ممبران آف پارلیمنٹ پر دبائو موجود ہے جو مسلسل مظاہرے کرتے رہتے ہیں اور ممبران آف پارلیمنٹ سے رابطہ رکھے ہوئے ہیں ۔اس ساری بحث کا
مجموعی طور پر دیکھا جائے تو یہ پیش رفت عمران خان کی فوری رہائی کی ضمانت نہیں دیتی مگر اس نے ان کے معاملے کو عالمی نگرانی کے دائرے میں ضرور داخل کر دیا ہے۔ اس سے نہ صرف ان کی صحت اور قانونی حقوق کے حوالے سے حساسیت بڑھے گی بلکہ پاکستانی حکام پر بھی یہ واضح پیغام جائے گا کہ یہ معاملہ بین الاقوامی سطح پر زیرِ نظر ہے اور مستقبل میں اس پر مزید سفارتی گفتگو یا پارلیمانی سرگرمی سامنے آ سکتی ہے۔اس کے سرمایہ کاری ملک میں انسانی حقوق کی ریٹنگ عدالتی نظام جمہوری اور آئینی طور پر ملک کے لئے بدنامی کا باعث ہوگا ۔ماضی میں یہ سوال عام ہوتا رہا ہے کہ جہاں عمران خان کے پاکستان میں معاملات درست نہیں ہیں اس کا ایک بڑا عنصر بین الاقوامی اسٹبلشمنٹ خاص کر امریکہ کا بڑا عمل دخل ہے اور یوکے یا یورپین نےہمیشہ سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی لائن ہی فالو کی ہے لیکن برطانوی پارلیمنٹ میں اس بحث کا ہونا بھی شاید اس دبائو سے یا تو آزادی ہے یا پھر امریکن اجازت نامہ شامل ہے لیکن آنے والا وقت بتائے گا ۔