ملک کی روشن نسل ہمارے باصلاحیت نوجوان اپنے خوابوں کی تعبیر کی تلاش میں بیرونِ وطن جا رہے ہیں۔ ہر اڑان اپنے ساتھ ایک امید کو لے جاتی ہے اور ہر ہوائی اڈہ ایک ایسی خالی جگہ چھوڑ جاتا ہے جو پاکستان کے مستقبل کی اداس تصویر بن جاتی ہے۔ یہ ہجرت محض اعداد و شمار کا کھیل نہیں بلکہ قومی سرمائے کے خاموش زوال کی ایک گہری داستان ہے۔ہمارے کچھ سیاستدان اسے برین ایکسپورٹ کا خوش نما نام دیتے ہیں مگر حقیقت اس کے برعکس ہے یہ دراصل ایک مسلسل برین ڈرین ہے جس میں ذہانت صلاحیت اور امکان کی روشنی ہم سے دور ہوتی جا رہی ہے۔ تلخ سچ یہ ہے کہ اگر کوئی سب سے قیمتی ایکسپورٹ ہو رہی ہے تو وہ ہمارے brilliant brains ہیں اور یہی وہ سرمایہ ہے جس پر کسی بھی قوم کا مستقبل استوار ہوتا ہے نہ کہ اس کے انخلا پر۔جب ملک میں مواقع کم ہوں معاشی حالات غیر یقینی ہوں اور معاشرتی تحفظ محدود ہو تو نوجوان اپنا مستقبل بنانے کے لیے باہر جانے پر مجبور ہوتے ہیں۔ یہ سفر صرف جغرافیہ کی حدیں عبور نہیں کرتا بلکہ دلوں میں امید اور قوم کے خوابوں میں خلا بھی چھوڑ جاتا ہے۔ پاکستان میں معاشی مشکلات بے روزگاری مہنگائی لاقانونیت سیاسی عدم استحکام اور محدود مواقع کی وجہ سے لاکھوں لوگ ملک چھوڑ کر بہتر مستقبل کی تلاش میں خلیجی ممالک سمیت یورپ، آسٹریلیا، امریکہ اور دیگر ملکوں میں جانے پر مجبور ہیں ۔ سال 2024 ء میں 7ساڑھے سات لاکھ پاکستانیوں نے بیرون ملک ملازمت کے لیے رجسٹریشن کروائی۔ سال 2025 ء میں یہ تعداد 9 لاکھ تک پہنچی جس میں ہزاروں اعلیٰ تعلیم یافتہ پیشہ ور افراد شامل تھے۔ ان میں ڈاکٹرز انجینئرز اور اکانٹنٹس کی بڑی تعداد تھی۔ سال 2026 ء کے فروری مہینے میں اکیلے 6 لاکھ سے زائد پاکستانی بیرون ملک چلے گئے۔
گزشتہ چند سالوں میں تقریبا ً29ہزار ہنر مند پیشہ ور جن میں پانچ ہزار سے زائد ڈاکٹرز گیارہ ہزار سے زائد انجینئرز اور تیرہ ہزار اکانٹنٹس شامل ہیں ملک چھوڑ چکے ہیں۔ پنجاب سب سے زیادہ لوگوں کو بھیجنے والا صوبہ رہا ہے۔لوگ مہنگائی کم تنخواہوں بے روزگاری سیاسی انتشار کرپشن اور عدم تحفظ کی وجہ سے مجبور ہو کر جا رہے ہیں۔ بہت سے ہنر مند افراد بہتر تنخواہ جدید سہولیات اور اپنے بچوں کی بہتر پرورش کے لئے یہ راستہ اختیار کرتے ہیں۔ یہ ہجرت ترسیلات زر تو لاتی ہے جو معیشت کے لیے اہم ہے مگر طویل مدتی نقصان بہت بڑا ہے۔ ہسپتالوں انجینئرنگ پروجیکٹس اور تعلیمی اداروں میں ہنر مند لوگوں کی کمی شدت سے محسوس کی جا رہی ہے۔یہ صورتحال بہت افسوس ناک ہے۔ لوگ اپنا گھر بار چھوڑ کر صرف بقاء اور بہتر مستقبل کے لئے جا رہے ہیں۔ اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو پاکستان کا انسانی سرمایہ شدید متاثر ہو جائے گا۔ہر سال ہزاروں نوجوان اپنے خوابوں اور صلاحیتوں کو پاکستان سے باہر لے کر جا رہے ہیں اور اس کے نتیجے میں ملکی شعبوں میں خلا پیدا ہو رہا ہے۔ صحت کا شعبہ متاثر ہو رہا ہے جہاں ڈاکٹر اور نرسیں بیرونِ ملک کی طرف بڑھ رہی ہیں اور تعلیم و تحقیق کے شعبے میں ماہرین کی کمی قومی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بن رہی ہے۔ صنعتی اور تکنیکی شعبے بھی محفوظ نہیں کیونکہ آئی ٹی اور انجینئرنگ کے ہنرمند افراد بیرونِ ملک کام تلاش کر رہے ہیں۔ ان سب کے نتائج محض معاشی نقصان تک محدود نہیں بلکہ یہ ایک ایسے زوال کی جانب اشارہ ہے جو ملک کے مستقبل اور نوجوانوں کی امیدوں کو متاثر کر رہا ہے۔اس بحران کے اثرات عام شہری بھی محسوس کر رہے ہیں۔ نوجوانوں کا ملک چھوڑنا صرف انفرادی فیصلہ نہیں بلکہ معاشرتی اور اقتصادی نظام پر اثر ڈالنے والا واقعہ ہے۔ جب ملک کے روشن دماغ اور محنتی لوگ باہر جا رہے ہیں تو سرمایہ کاری اور صنعتی ترقی میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کے امکانات محدود ہو گئے ہیں کیونکہ سرمایہ کار اور بین الاقوامی کمپنیاں اب ملک کے معاشی اور سیاسی عدم استحکام کے پیش نظر یا تو پاکستان کو خیر آباد کہہ گئیں یا محتاط ہو گئی ہیں۔پاکستان میں جو برین ڈرین ہو رہی ہے اس کا تعلق صرف مالی فوائد سے نہیں بلکہ بہتر معیار زندگی محفوظ مستقبل اور پیشہ ورانہ مواقع کی تلاش سے بھی ہے۔
نوجوان بیرونِ ملک اعلیٰ تنخواہیں بہتر تربیت اور سماجی تحفظ حاصل کر کے اپنے اور اپنے خاندان کے لیے محفوظ زندگی کا بندوبست کرتے ہیں۔ جبکہ ملک میں انہیں محدود مواقع مہنگائی اور عدم استحکام کا سامنا ہے۔ یہی وجوہات انہیں مجبور کر رہی ہیں کہ وہ اپنے وطن کو خیرباد کہیں اور بیرونِ ملک کے راستے اختیار کریں۔ حکومت کی پالیسیاں اور اقدامات اس بحران کو کم کرنے میں ناکام نظر آتے ہیں۔ نہ تو روزگار کے مواقع میں اضافہ کیا گیا نہ معاشی استحکام فراہم کیا گیا اور نہ ہی نوجوانوں کے لئے محفوظ اور ترقی یافتہ مستقبل کی ضمانت دی گئی۔ اس کے نتیجے میں ہر سال لاکھوں نوجوان بیرونِ ملک جا رہے ہیں اور یہ رجحان بڑھتا جا رہا ہے۔ عالمی میڈیا جیسے کہ بلوم برگ نے بھی اس پر زور دیا ہے کہ پاکستان میں ہنرمند اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کی بڑی تعداد ملک چھوڑ رہی ہے اور یہ رجحان ملکی ترقی کے لئے خطرہ ہے۔نوجوانوں کی ہجرت کا مسئلہ صرف افراد تک محدود نہیں بلکہ یہ ملکی معیشت سماجی ترقی اور قومی منصوبہ بندی پر براہِ راست اثر ڈال رہا ہے۔ جب روشن دماغ ملک چھوڑ کر جا رہے ہیں تو وہ ترقی اور جدت کے مواقع دیگر ممالک کو فراہم کر رہے ہیں اور پاکستان میں موجود شعبوں میں کمی اور پس ماندگی پیدا ہو رہی ہے۔ حکومت کو فوری اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ نوجوان ملک میں رہ کر اپنے مستقبل کو محفوظ بنا سکیں اور ملک کی ترقی میں حصہ لے سکیں۔اس بحران سے نمٹنے کے لیے ضروری ہے کہ حکومت روزگار کے مواقع فراہم کرے معاشی استحکام یقینی بنائے تعلیم اور تربیت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرے اور نوجوانوں کے لئے مستقبل کے امکانات کھلے رکھے۔ بغیر اس کے نہ صرف برین ڈرین جاری رہے گا بلکہ ملک کے روشن مستقبل کے خواب بھی معدوم ہو جائیں گے۔پاکستان کے نوجوان ملک کی سب سے بڑی سرمایہ کاری ہیں اور اگر ان کا اعتماد اور ہنر ملک میں برقرار نہ رہا تو آنے والی نسلیں اس نقصان کا خمیازہ بھگتیں گی۔ پاکستان کے نوجوان اس قوم کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں۔ اگر ہم نے ان کی قدر نہ کی ان کے خوابوں کو سہارا نہ دیا تو وہ صرف اس سرزمین سے رخصت نہیں ہوں گے بلکہ ایک روشن خودمختار اور باوقار مستقبل کے امکانات بھی ہمیشہ کے لیے ماند پڑ جائیں گے۔ برین ڈرین کو روکنا اور نوجوانوں کے لیے باعزت مواقع پیدا کرنا اب کوئی وقتی تقاضا نہیں بلکہ ایک ناگزیر قومی فریضہ بن چکا ہے۔ یہ وہ فیصلہ کن گھڑی ہے جب ہمیں اپنے روشن دماغوں کو سنبھالنے انہیں یہیں مواقع دینے اور ان کی صلاحیتوں کو پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے بروئے کار لانے کا عزم کرنا ہوگاکیونکہ قومیں اپنے ذہنوں سے بنتی ہیں اور انہی کے کھو جانے سے بکھر بھی جاتی ہیں۔