اردو شاعری ہمیشہ سے فقط جذبات کے اظہار کا ذریعہ نہیں رہی بلکہ یہ قوموں کے ضمیر جگانے، حوصلہ بلند کرنے اور مشکل وقت میں امید کے چراغ روشن کرنے کا ایک طاقتور وسیلہ بھی رہی ۔ برصغیر کی تاریخ میں تحریکِ آزادی سے لے کر پاکستان کے مختلف معرکوں تک اردو شاعری نے ایک روحانی اور فکری جنون کو مہمیز کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ جنگی میدانوںمیں جہاں تلواریں بولتی ہیں وہاں الفاظ بھی کبھی تلوار تو کبھی امن کی آوازبن جاتے ہیں۔ اردو شاعری نے غلامی کے اندھیروں کو مٹانے، حب الوطنی کی چنگاری بھڑکانے، اور آزادی کی صبح ِروشن کو طلوع کرنے میں سنہری کردار ادا کیا۔ یہ شاعری محض الفاظ کا مجموعہ نہیں، بلکہ ایک زندہ طاقت ہے جو لہوگرما تی، روح کو بیدار اور ذہنوں کو منور رکھتی ہے۔ اردو شاعری میں جنگ اور امن کے موضوعات بہت گہرے ہیں۔ایک طرف علامہ اقبالؒ بیداری، خودی اور بہادری کے ساتھ جہاد اور جدوجہد کی بات کرتے ہیں تو دوسری جانب فیض احمد فیض اور ساحر لدھیانوی جنگوں کے تباہ کن اثرات اور امن کی بات کرتے نظر آتے ہیں۔ یہ اور بات ہے کہ فیض یا ساحر جیسے شاعر بھی ظلم، استحصال اور انصاف کے خلاف جب قلم اٹھاتے ہیں تو وہ بھی ایک ایسی جنگ اور جدوجہد ہی کی ہمنوائی کر تے دکھائی دیتے ہیں جس کا ذکر علامہ اقبال بھی کرتے ہیں جو ہتھیاروں یا تلواروں سے نہیں بلکہ ذہن سازی اور شعور کی بیداری کے ساتھ لڑی جاتی ہے۔ اس مخصوص زاویئے سے دیکھیں تو اقبال اور اشتراکیت پسند شاعروں کے درمیان زیادہ تفریق دکھائی نہیں دیتی۔ امن اور جنگی بربادیوں کے خلاف لکھنے والا ساحر بھی ایک ایسی حد کو دیکھتا ہے جہاں جنگ لڑنا ضروری ہو جاتا ہے۔
ہم امن چاہتے ہیں مگر ظلم کے خلاف
گر جنگ لازمی ہے تو جنگ ہی سہی
کچھ کور باطنوں کی نظر تنگ ہی سہی
یہ زر کی جنگ ہے نہ زمینوں کی جنگ ہے
یہ جنگ ہے بقا کے اصولوں کے واسطے
جو خوں ہم نے نذر دیا ہے زمیں کو
وہ خوں ہے گلاب کے پھولوں کے واسطے
پھوٹے گی صبح امن لہو رنگ ہی سہی
1857 ء کی پہلی جنگِ آزادی سے لے کر 1947 ء کی تقسیم ہند تک، اردو شاعری نے مرثیہ نگاری سے انقلابی نظموں تک کا سفر کیا۔ دورِ غلامی میں شعرا نے ’’شہر آشوب‘‘ لکھ کر قوم کے زخموں کا گریہ کیا، مگر ساتھ ہی امید کی کرنیں بھی جگائیں۔ علامہ اقبالؒ نے اردو شاعری کو ایک نئی جہت دے کر نوجوانوں کو’’خودی‘‘ کے تصور سے روشناس کروایا۔علامہ اقبال اس سیاسی آزادی اور جدوجہد کے قائل ہیں جس کے بطن سے ایک پختہ سوچ اور تدبر بھری فکری آزادی بھی جنم لیتی ہو۔
آزادی افکار سے ہے ان کی تباہی
رکھتے نہیں جو فکر و تدبر کا سلیقہ
ہو فکر اگر خام تو آزادی افکار
انساں کو حیوان بنانے کا طریقہ
’’شاعرِ انقلاب‘‘ جوش ملیح آبادیؔکا آتشیں کلام عوام کو سڑکوں پر کھینچ لایا۔ غلامی کی زنجیر شکنی کی شدید تڑپ سے بھرپور ان کی نظموں نے لوگوں میں ایک نیا ولولہ اور جوش تازہ کردیا۔ ایک جگہ وہ فرماتے ہیں:
کیا ہند کا زنداں کانپ رہا ہے
گونج رہی ہیں تکبیریں
اکتائے ہیں شاید کچھ قیدی
اور توڑ رہے ہیں زنجیریں
سینوں میں تلاطم بجلی کا
آنکھوں میں جھلکتی شمشیریں
قیام پاکستان کے بعد اردو شاعری نے نئی قومی شناخت کو پروان چڑھایا۔ 1965ء اور 1971ء کی جنگوں میں بھی اردو شعراء نے سپاہیوں کا حوصلہ بڑھایا۔ حفیظ جالندھریؔ کا ’’ترانہ پاکستان‘‘ پوری قوم کو متحد اور پرجوش رکھتا ہے۔ صوفی غلام تبسم اور جمیل الدین عالی کی ملی شاعری نے جنگ کو صرف لڑائی نہیں، بلکہ اصولوں کی جنگ بنا کراتحاد، قربانی اور حب الوطنی کے جذبات کو زندہ رکھا۔ کلیم عثمانی ایک بہت اچھے شاعر ہیں مگر انہیں پہچان ایک خوبصورت ملی نغمے سے ملی جو ہر موقع پر قوم کے دل کی آواز بن جاتا ہے۔
یہ وطن تمہارا ہے تم ہو پاسباں اس کے
یہ چمن تمہارا ہے تم ہو نغمہ خواں اس کے
اس زمیں کی مٹی میں خون ہے شہیدوں کا
ارض پاک مرکز ہے قوم کی امیدوں کا
نفرتوں کے دروازے خود پہ بند ہی رکھنا
اس وطن کے پرچم کو سربلند ہی رکھنا
اردو شاعری کا اثر صرف جلسوں یا کتابوں تک محدود نہ رہا۔ یہ اخباروں، مشاعروں، گلی کوچوں اور حتیٰ کہ عقوبت خانوں تک پھیلتا چلا گیا۔ بہت سے شعرا نے قید وبند کی صعوبتیں جھیلیں مگر ان کے الفاظ آزاد رہے، اور قوم کو بتاتے رہے کہ آزادی صرف ایک دن کا جشن نہیں، بلکہ مسلسل جدوجہد ہے۔ آج کے دور میں بھی جب دنیا نئی جنگوں اور تنازعات کا شکار ہے، اردو شاعری ہمیں یاد دلاتی ہے کہ الفاظ کی طاقت سے بڑھ کر کوئی ہتھیار نہیں۔جنگ صرف میدانِ جنگ میں نہیں لڑی جاتی بلکہ قوموں کے دل و دماغ میں بھی لڑی جاتی ہے۔ جب قوموں میں مایوسی، غیر یقینی کے مہیب سائے پھیلتے جارہے ہوں تو ادب اور شاعری ان کے لیے امید کی کرن بنتی ہے اقبالؒ، جوش، فیض اور دیگر کے کلام نے ثابت کیا کہ شاعر نہ صرف عہد کا آئینہ بلکہ عہد ساز بھی ہوتا ہے۔
جدید دور میں بھی اردو شاعری نے جنگی حالات میں اپنا گہرا اثر برقرار رکھا۔ کارگل دہشت گردی کے خلاف جنگ اور معرکہ حق کے دوران نئی نسل کے شعرا نے وطن دوستی اور پاکستان کی مسلح افواج کی لازوال قربانیوں کوخراج تحسین پیش کیا ۔ نوجوان شاعر احسان عباس نے پاک فضائیہ کے لئے خوبصورت کلام لکھا:
فلک کا سارا وقار میں ہوں
شجاعتوں کا خمار میں ہوں
میرے مقابل ہے جو بھی آیا
جہاں نے اس کا نشاں نہ پایا
میں عزم حمزہ، میں ضرب حیدر
اجل کی پہلی پکار میں ہوں
دنیا جنگی تباہیوں کی پرخار راہداریوں سے گزر کر امن و آشتی کی راہیں تلاش کرنے کی جدوجہد میں مصروف عمل ہے ۔ امریکہ ایران جنگ کے بیچ امن کے لئے کاوشیں عروج پر ہیں۔ معرکہ حق کے بعد ایک نیا ، مضبوط اور مستحکم پاکستان امن کی ان کوششوں کا امیر ہے۔ دنیا کے بیشتر ممالک اس جنگ کی وجہ سے اقتصادی، سماجی اور سیاسی بحرانوں میں گھرے ہوئے ہیں۔ امن ہی سے دنیا نے آباد اور خوشحال رہنا ہے۔ بقول ساحر لدھیانوی :
جنگ تو خود ہی ایک مسئلہ ہے
جنگ کیا مسئلوں کا حل دے گی
خون اپنا ہو یا پرایا ہو
نسل آدم کا خون ہے آخر
جنگ مشرق میں ہو کہ مغرب میں
امن عالم کا خون ہے آخر